یمن
صنعاء کے لیے پروازوں کے دوبارہ آغاز پر غور کیا جائے : خصوصی ایلچی
یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد کا کہنا ہے کہ یمن میں المیہ بڑھتا جا رہا ہے اور انسانی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات سلامتی کونسل میں یمن کے حوالے سے منعقد خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ولد الشیخ کے مطابق یمن میں مخلتف پہلوؤں کے حامل بحران سے اس وقت 2 کروڑ افراد متاثر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تعز میں اندھادھند گولہ باری کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے ایلچی نے مطالبہ کیا کہ دارالحکومت صنعاء کے لیے بالخصوص مریضوں کے واسطے فضائی پروازوں کے دوبارہ آغاز پر غور کیا جائے۔
یمن میں پھیلے ہیضے کے مرض کے حوالے سے اسماعیل ولد الشیخ نے بتایا کہ اس وبائی بیماری کے سبب اب تک 1700 سے زیادہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ انہوں نے اس بیماری پر قابو پانے کے لیے سعودی عرب کی جانب سے امداد کو سراہا۔
اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے باور کرایا کہ تنازع کے تمام فریقوں پر لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کا احترام کریں۔