محسن النقیب
حوثی وزیر مںحرف ہونے کے بعد آئینی حکومت سے جا ملا
یمن کی بڑی سیاسی جماعت پیپلز کانگریس کے ایک سرکردہ رہ نما اور باغیوں کی قائم کردہ غیرآئینی حکومت کے وزیر تعلیم وفنی تربیت محسن النقیب باغیوں کو چھوڑ کر آئینی حکومت سے جا ملے ہیں۔
’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کے مطابق مُحسن النقیب صنعاء سے نکل کر حکومت کے زیر انتظام اپنے آبائی شہر لحج جا پہنچے اور آئینی حکومت کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
خیال رہے کہ محسن النقیب یمن میں حوثی باغیوں کی قائم کردہ غیر آئینی حکومت میں وزارت تعلیم وفنی تربیت کے عہدے پر فائز تھے۔
واضح رہے کہ حوثی شدت پسندوں نے سابق صدر علی عبداللہ صالح کے قتل کے بعد ان کی جماعت کے سرکردہ رہ نماؤں کا گھیرا تنگ کر رکھا ہے اور انہیں ایک سے دوسرے مقام پر منتقلی کی اجازت نہیں دی جاتی۔
گذشتہ روز حوثی باغیوں نے احکامات نہ ماننے پر نیشنل پیپلز کانگریس کے ایک سرکردہ رہ نما کو اغواء کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں نے المحویت گورنری کے ایک سرکردہ رہ نما الشیخ عمار خمیس کو الحدیدہ میں باغیوں کی حمایت نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ الشیخ عمار خمیس پر حکومت میں شامل ہونے والے بریگیڈیئر طارق صالح کے ساتھ رابطوں کا بھی الزام عاید کیاجاتا ہے۔