THUMBNAIL_ هجوم خليج عمان يثير هلع العالم على حرية الملاحة

حملے کے بعد جاپانی تیل بردار جہاز امارات کی جانب گامزن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جاپان کے بحری آئل ٹینکر کی آپریٹر کمپنی "کوکوکا کریجیئس" کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ ان کے تیل بردار جہاز کو اڑتے ہوئے اجسام سے نقصان پہنچا۔

کمپنی کے چیئرمین نے تیل بردار جہاز کو ٹورپیڈو سے نشانہ بنائے جانے کو خارج از امکان قرار دیا۔ جاپانی آپریٹر کمپنی کے مطابق تیل بردار جہاز کے عملے نے گذشتہ رات ایرانی فوج کا ایک جہاز دیکھا تھا۔ کمپنی کے چیئرمین نے بتایا کہ تیل بردار جہاز اب محفوظ طور پر متحدہ عرب امارات کے علاقے خورفکان کی جانب گامزن ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کی صبح امارات اور ایران کے درمیان خلیجَ عُمان میں تیل بردار جہاز فرنٹ آلٹیر کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے عرشے پر تین دھماکے سنے گئے۔ ناروے کے بحری حکام کے مطابق عملے کے ارکان میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

بحری امور سے متعلق ناروے کی اتھارٹی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ اسی سمندری علاقے میں ایک اور بحری جہاز "کوکوکا کریجیئس" کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ادھر ایرانی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ ایران نے جمعرات کے روز دو غیر ملکی تیل بردار جہازوں کو مدد پیش کی۔ جمعرات کی صبح خیلجِ عُمان میں "حادثے" کا نشانہ بننے والے جہازوں میں سے ایک مارشل آئس لینڈ اور دوسرا پاناما کا پرچم بردار تھا۔ ایجنسی کے مطابق کارروائی میں 44 افراد کی مدد کی گئی۔

امریکی فوج نے آج جمعے کو علی الصباح ایک بیان میں کہا ہے کہ مشرق وسطی میں کسی نئے تنازع میں پڑنا امریکا کے مفاد میں نہیں تاہم وہ امریکی مفادات کا دفاع کرے گا جن میں جہاز رانی کی آزادی شامل ہے۔

امریکی سینٹرل کمان کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ بحری جنگی جہاز "یو ایس ایس میسن" اُس علاقے کی جانب گامزن ہے جہاں جمعرات کے روز خلیجِ عُمان میں دو تیل بردار جہازوں کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

امریکی فوج نے جمعہ کے روز ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کی ایک کشتی کو بحر عُمان میں جاپانی تیل بردار جہاز کے قریب ایک بارودی سرنگ کو ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ بارودی سرنگ اس جہاز کو تباہ کرنے کے لیے نصب کی گئی تھی مگر وہ پھٹ نہیں‌ سکی اور اسے کشتی کے ذریعے ہٹانے کی کوشش کی گئی ہے۔

امریکی مرکزی کمان کے ترجمان بیل اوربان کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 10 منٹ پر پاسداران انقلاب کی ایک پٹرولنگ کشتی ' کوکوکا' بحری جہاز کے قریب گئی۔ کشتی پر سوار افراد نے جہاز کے قریب نصب بارودی سرنگ کا معائنہ کیا اور اسے اتار دیا گیا۔

قبل ازیں امریکی عہدے داروں نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کے پاس تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کا ریکارڈ موجود ہے جس میں ایرانی فوج کو بحر عُمان میں حملوں کا نشانہ بنائے گئے جہازوں کے قریب بارودی مواد کو اتارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں