THUMBNAIL_ اشتباكات بين المتظاهرين وقوات الأمن في بغداد
عراق: الناصریہ میں نامعلوم افراد کی مظاہرین پرفائرنگ، خیموں کو آگ لگا دی
عراق کے طبی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اتوار کے روز بغداد میں التحریر اسکوائرکے قریب الوثبہ چوک میں سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم سے کم دو افراد ہلاک ہوگئے۔
ادھرعراق کے جنوبی شہر الناصریہ میں نامعلوم مسلح افراد نے مظاہرین پر فائرنگ کی اور ان کے خیمے نذر آتش کردیے۔
العربیہ اورالحدث چینلز کے نمائندے نے بھی تصدیق کی ہے کہ جنوبی عراق کے شہر ناصریہ میں مظاہرین پر نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں چلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلح گروپوں نے مظاہرین کے خیموں کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی۔ ناصریہ میں واقع حبوبی اسکوائر میں نامعلوم افراد نے دکانیں بھی نذر آتش کر ڈالیں۔
اتوارکی شام جنوبی عراق کے شہر ناصریہ میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
ادھر ذی قار گورنری کی پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے مظاہرین کو تحفظ فراہم کرنے اور شدت پسندوں کا تعاقب کرکے انہیں مظاہرین میں گھسنے سے روکنے کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
العربیہ اور الحدث چینلز کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ عراقی قبائل ناصریہ میں واقع الحبوبی اسکوائرکی حفاظت کے لیے جارہے ہیں۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عراق میں انسانی حقوق کے ہائی کمیشن نے بغداد اور ذی قار میں 12 مظاہرین کی ہلاکت اور 220 سے زائد زخمی ہونے کا اعلان کیا ہے۔