اھوازمیں ایرانی مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن، گرفتار مظاہرین نامعلوم مقامات پر منتقل
ایران کے عرب اکثریتی صوبہ الاھواز میں پانی کی قلت کے خلاف شروع ہونےوالے احتجاجی مظاہرے آج دسویں روز میں جاری رہیں۔ احتجاج کا دائرہ وسیع ہونے کے ساتھ ساتھ ایرانی سیکیورٹی اداروں نے مظاہروں پر قابو پانے کے لیے طاقت کے استعمال کے ساتھ ساتھ مظاہرین کےخلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔
جنوب مغربی ایرانی صوبی الاھواز کے کئی اضلاع سے مظاہرین کی گرفتاریوں اور انہیں نامعلوم مقام پر لے جانےکی اطلاعات ہیں۔
اخبار ’ایران انٹرنیشنل‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ گرفتار مظاہرین کا نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے باور کرایا ہے کہ ایرانی سیکورٹی فورسز نے خوزستان صوبے کے مختلف علاقوں میں پر امن مظاہروں کو کچلنے کے لیے مہلک ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ تنظیم کے مطابق مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے خود کار اسلحے ، شاٹ گنوں اور آنسو گیس کا براہ راست استعمال ہوا۔
خوزستان صوبے کے ضلع اہواز میں پانی کی قلت اور ابتر معاشی حالات کے سبب گذشتہ ہفتے عوامی احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے جُمعے کے روز جاری بیان میں بتایا کہ اہواز میں احتجاج شروع ہونے کے بعد سے اب تک ایرانی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں 7 مختلف شہروں میں کم از کم 8 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں درجنوں افراد زخمی اور گرفتار بھی ہوئے ہیں۔
ایمنیسٹی نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خود کار ہتھیاروں اور مشین گنوں کا استعمال فوری طور پر روک دے اور تمام گرفتار شدگان کو رہا کرے۔ تنظیم کے مطابق ایرانی حکام عوام کے خلاف غیر قانونی مہلک طاقت استعمال کرنے کا خوف ناک ریکارڈ رکھتے ہیں۔ مزید یہ کہ خوزستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس نے نومبر 2019ء کے واقعات کی یاد تازہ کر دی ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5 video
واضح رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے خوزستان کے گورنر کو ہدایت کی تھی کہ وہ صوبے کے مسائل حل کرنے کے لیے جلد از جلد تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری اور تعاون سے تمام مطلوبہ صلاحیتوں کا استعمال کریں۔
خوزستان میں اہواز کے کئی علاقوں سے مسلسل آٹھویں روز احتجاج کی ایسی وڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں سیکورٹی فورسز کو مظاہرین کے ساتھ سختی کے ساتھ پیش آتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
خوزستان کا شمار ایران میں تیل پیدا کرنے والے نمایاں ترین علاقوں میں ہوتا ہے۔ یہ ایران کے 31 صوبوں میں ایک امیر ترین صوبہ ہے۔ یہاں بڑی تعداد میں عرب اقلیت آباد ہے۔