عراق پارلیمنٹ کا منظر
عراقی پارلیمنٹ میں صدرِ جمہوریہ کے انتخاب کی دوسری کوشش
عراقی پارلیمنٹ میں آج بروز ہفتہ ملک کے صدر کے انتخاب کے لیے اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ کئی ماہ سے جاری سیاسی بحران کے بیچ یہ صدر کے انتخاب کی دوسری کوشش ہے۔ تاہم بائیکاٹ کے اصرار کے سبب اس کارروائی کو ناکامی سے دوچار ہونے کا خطرہ ہے۔
عراق میں اکتوبر 2021ء میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کے اجرا کے باوجود عراق میں ابھی تک نئے صدر کا انتخاب عمل میں نہیں آ سکا ہے۔ اسی طرح نئی حکومت کا کوئی سربراہ (وزیر اعظم) بھی منتخب نہیں ہوا ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5 video
عراقی قانون کے مطابق ملک کے صدر کو اپنے انتخاب کے بعد 15 روز کے اندر وزیر اعظم کے منصب کے لیے امیدوار نامزد کرنا لازم ہوتا ہے۔ عام طور پر یہ امیدوار پارلیمنٹ میں سب سے بڑے اتحاد کا نامزد رکن ہوتا ہے۔ صدر کی جانب سے نامزدگی کے بعد وزیر اعظم کے پاس اپنی حکومت تشکیل دینے کے لیے ایک ماہ کی مہلت ہوتی ہے۔
صدر کے منصب کے لیے اس وقت 40 امیدوار ہیں۔ تاہم حقیقی مقابلہ دو شخصیات کے بیچ ہے جو ملک میں دو نمایاں ترین کرد جماعتوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔ ان میں ایک موجودہ صدر برہم صالح ہیں جو 2018ء سے اس منصب پر فائز ہیں۔ ان کا تعلق کردستان نیشنل یونین پارٹی سے ہے۔
دوسری شخصیت ریبر احمد کی ہے۔ ان کا تعلق کردستان ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔ صدر کے منصب پر فائز ہونے کے لیے امیدوار کو دو تہائی ارکان پارلیمنٹ کے ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس سے قبل رواں سال 7 فروری کو عراقی پارلیمنٹ میں ملک کے صدر کے انتخاب کی پہلی کوشش کی گئی تھی۔ تاہم دو تہائی کورم (329 میں 220 سے زیادہ ارکان) پورا نہ ہونے کے سبب یہ کوشش ناکامی سے دوچار ہوئی۔ شیعہ جماعتوں کے اتحاد نے اس اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔ اس اتحاد کے اہم ترین رہ نما نوری المالکی ہیں۔
واضح رہے کہ شیعہ رہ نما مقتدی الصدر آخری انتخابات میں پارلیمنٹ کے اندر 155 ارکان کا سب سے بڑا اتحاد رکھتے ہیں۔ ان کے ساتھ کردستان ڈیموکریٹک پارٹی اور ایک بڑا سنی بلاک شریک ہے۔
ريبر أحمد خالد
مقتدی الصدر کے زیر قیادت پارلیمانی اتحاد "إنقاذ وطن" نے بدھ کے روز اعلان میں صدارت کے لیے ریبر احمد اور وزارت عظمی کے لیے جعفر الصدر کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق آج ہفتے کے روز تقریبا 131 ارکان پارلیمنٹ اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے۔ اس کا مطلب ہوا کہ مطلوبہ کورم پورا نہیں ہو سکے گا۔