لبنانی پارلیمنٹ
لبنان : 46 ارکان پارلیمان کا صدر کے انتخاب تک سیشن کے بائیکاٹ کا اعلان
کسی بھی قانون سازی کا اجلاس خلاف آئین اور لبنانی نظام کی بنیادوں کے لیے نقصان دہ ہے: بیان
لبنان کے 46 ارکان پارلیمنٹ نے ہفتہ کو اعلان کردیا ہے کہ وہ ملک کے لیے صدر کے انتخاب سے پہلے کسی بھی قانون ساز اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ ملک میں شدید سیاسی اور اقتصادی بحران چل رہا ہے۔ سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے پارلیمنٹ کے ان ارکان کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قانون ساز اجلاس آئین کی خلاف ورزی ہے اور لبنانی نظام کی بنیادوں کے لیے ایک مہلک دھچکا ہے۔
ارکان پارلیمان نے مزید کہا کہ وہ سربراہ مملکت کو منتخب کرنے سے پہلے کسی سیشن میں شرکت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے انتخاب سے قبل پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے کسی بھی قانون کو تسلیم نہیں کریں گے۔ ہم آئین میں موجود اپنے حق کو استعمال کرتے ہوئے ایسے کسی بھی قانون کو چیلنج کریں گے۔ لبنانی ارکان پارلیمنٹ نے صدر کے عہدے کے خالی ہونے کے "خطرات" سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے لبنانی ریاست اور وطن کے زوال کا خطرہ ہے۔ گزشتہ اکتوبر کے آخر میں میشال عون کی مدت ختم ہونے کے بعد سے لبنان میں صدر موجود نہیں ہیں۔ 128 ارکان پر مشتمل پارلیمنٹ نئے صدر کے انتخاب میں کئی مرتبہ ناکام رہی ہے۔