بارش نے طائف کے موسم گرما کو جادوئی شہر میں بدل دیا
سعودی عرب کی طائف گورنری کے جنگلی اور پہاڑی علاقوں میں دلکش فطرتی مناظر اس وقت نکھر کرسامنے آگئے جب تازہ بارش سے چشمے ابل پڑے اور میٹھے پانی کے تالاب بھر گئے۔ بارش شروع ہوتے ہی طائف اور دور دراز کے علاقوں سے سیاحوں کا رش لگ گیا۔
صوبہ طائف اور اس کی وادیوں اور پہاڑی گھاٹیوں نے موسم گرما کی برسات کے ساتھ ایک دلکش منظر میں تبدیل کردیا۔ ان دنوں موسم معتدل، ہوا دار اور جوش و خروش سے بھرپور ہے۔ اگست کے وسط سے شروع ہونے والے موسم میں بادو باراں کی کیفیت ہوتی ہے۔
اس کے اونچے پہاڑوں اور وادیوں میں ایک الگ ہی خوبصورتی اور شان وشوکت ہوتی ہے۔ پہاڑوں کے درمیان سے آبشاریں بہتی ہیں۔ بارشوں سے پھولوں کے کھلنے، جڑی بوٹیوں، جھاڑیوں اور قدرتی خوشبودار پودوں کی نشوونما جیسے شاندار مناظر فروغ پاتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی’ایس پی اے‘ کی کیمرہ ٹیم نے طائف گورنری کے حیرت انگیز مناظر اور حیرت انگیز ماحول، موسم گرما کی ہواؤں اور بارش کے مناظر کی عکس بندی کی۔