میکسیکن مصنف آندریس رومر 8 ستمبر 2017 کو پیرس میں یونیسکو کے ہیڈ کوارٹر میں تنظیم کی خیر سگالی سفیر نامزد ہونے سے پہلے یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل ارینا بوکووا کی بات سن رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے پی)
میکسیکو کے سابق سفارت کار کی جنسی جرائم کے الزام میں اسرائیل میں گرفتاری
میکسیکو کے صدر نے پیر کو کہا کہ میکسیکو کے مصنف اور سابق سفارت کار آندریس رومر جنہیں جنسی جرائم کے متعدد الزامات کا سامنا ہے، کو اسرائیل میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
میکسیکو کے صدر آندریس مینوئل لوپیز اوبراڈور نے اپنی صبح کی معمول کی پریس کانفرنس میں کہا کہ رومر کو ملک بدر کر دیا جائے گا۔
رومر کے خلاف الزامات جن کی تعداد کارکنوں کے مطابق تقریباً 60 ہے، فروری 2021 میں اس وقت شروع ہوئے جب میکسیکن رقاصہ اٹزل سناس نے ان پر جنسی زیادتی کا الزام لگایا۔
سان فرانسسکو میں میکسیکو کے 60 سالہ سابق قونصل اور یونیسکو کے خیر سگالی سفیر نے الزام کی پہلے "قطعی طور پر" تردید کی۔
لیکن انہوں نے بڑھتے ہوئے الزامات کے بعد سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی کہ انہوں نے کام کے بہانے خواتین سے ملنے کے بعد ان کو نامناسب طریقے سے چھوا تھا۔
میکسیکو نے جون 2021 میں رومر کی ملک بدری کی درخواست کی تھی۔