قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کا پہلا گروپ طبی علاج کے لیے مصر پہنچ گیا جنہیں غزہ کی پٹی کے ہسپتال سے حفاظت کی غرض سے نکالا گیا تھا۔ (فلسطین ہلال احمر) رائٹرز
لائیو فوٹیج اور مصر کے القاہرہ ٹی وی کے مطابق قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کا پہلا گروپ جنہیں غزہ کی پٹی کے ہسپتال سے نکالا گیا تھا، پیر کو طبی علاج کے لیے مصر پہنچ گیا۔
فلسطینی ہلالِ احمر اور القاہرہ ٹی وی کے مطابق دو درجن سے زائد بچوں کے سرحد پار پہنچ جانے کی توقع تھی۔ نوزائیدہ بچے غزہ کے الشفاء اسپتال میں تھے جہاں ایندھن ختم ہونے پر بجلی کی بندش کی وجہ سے طبی خدمات جزوی طور پر بند ہو گئیں اور اس دوران کئی دوسرے بچے ہلاک ہوئے۔
القاہرہ کی نشر کردہ لائیو فوٹیج میں طبی عملے کو ایمبولینس کے اندر سے چھوٹے بچوں کو احتیاط سے اٹھاتے اور موبائل انکیوبیٹرز میں رکھتے ہوئے دکھایا گیا جنہیں پھر ایک کار پارک میں دوسری ایمبولینسوں کی طرف لے جایا گیا۔
بچوں کو اتوار کے روز جنوبی غزہ میں رفح کے ایک ہسپتال لے جایا گیا تاکہ مصر منتقلی سے قبل ان کی حالت مستحکم ہو سکے۔