عمار الحكيم
عراقی الحکمہ موومنٹ کے سربراہ عمار الحکیم نے سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بغداد اور اربیل ہوائی اڈوں کے علاوہ دمام ہوائی اڈے سے نجف تک پروازیں چلانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
عمار الحکیم نے "ایکس" پلیٹ فارم پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ قدم عراق اور مملکت سعودی عرب کے درمیان فضائی سفر اور سیاحت کے شعبے کے راستے میں ایک معیاری تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اقدام مسافروں اور دونوں ممالک کے درمیان مذہبی ٹورزم کے میدان میں اہم تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے عراق کے اندر منزلوں کو متنوع بنانے کے فریم ورک کے اندر اور دونوں ممالک کے درمیان نقل و حرکت کی حمایت میں سعودی عرب سے عراق کے لیے براہ راست پروازوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔
براہ راست پروازیں
سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ مملکت اور برادر ملک عراق کے ساتھ فضائی سروس کے دائرے کو وسعت دیتے ہوئے دمام سے نجف کے درمیان یکم جون سے براہ راست پروازیں چلانے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ عراق کے شہروں بغداد اور اربیل کے لیے سعودی عرب کی پروازوں کی تعداد میں بھی جون 2024ء سے اضافہ کیا جا رہا ہے۔
سول ایوی ایشن نے کہا کہ سعودی عرب کے فضائی سروس سیکٹر میں ایک تزویراتی اقدام کے طور پر کیا جا رہا ہے جس کا مقصد دنیا بھر کی250 منزلوں سے سالانہ 30 کروڑ 30 لاکھ مسافروں کو آمد ورفت کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ ان منزلوں میں عراق بھی شامل ہے۔
سعودی عرب اور عراق کے درمیان مسلسل 27 سال فضائی سروس معطل رہنے کے بعد 2017ء میں فضائی سروس بحال ہوئی تھی۔ سعودی عرب کی فضائی کمپنی ’فلائی الناس‘ نے رواں سال جون سے دمام اور نجف کے درمیان پروازوں کا فیصلہ کیا ہے۔
یکم جون 2024ء سے شروع ہونے والے اس فلائیٹ آپریشن میں دونوں شہروں میں ہفتے میں تین پروازیں چلیں گی۔ ان شہروں کے سفر کے لیے بکنگ کی آن لائن سہولت موجود ہے جو کمپنی کی ویب سائٹ سے کی جا سکتی ہے۔