سعودی وزیرِ خزانہ محمد الجدعان (فائل فوٹو: رائٹرز)

صومالیہ میں اقتصادی بحالی میں مدد، سعودی عرب کے اوپیک فنڈ کے ساتھ معاہدے پر دستخط

افریقی ملک کو غربت اور قرض کے ساتھ دہشت گردی کا بھی سامنا ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے صومالیہ کی اقتصادی بحالی میں مدد کے لیے اوپیک فنڈ اور مشرقی افریقی ملک کے ساتھ تین طرفہ معاہدہ کیا ہے۔

ویانا میں اوپیک فنڈ ڈویلپمنٹ فورم اور وزارتی اجلاس کے موقع پر سعودی وزیرِ خزانہ محمد الجدعان نے اپنے صومالی ہم منصب بیہی ایگے اور فنڈ کے صدر عبدالحمید الخلیفہ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔

صومالیہ کی وفاقی حکومت القاعدہ سے منسلک الشباب گروپ کی قیادت میں ہونے والے تشدد اور مقامی گروہوں کے درمیان تصادم پر قابو پانے کے لیے برسرِ پیکار ہے جو افریقی جزیرہ نما ملک میں زمین اور پانی پر قبضے کے لیے لڑ رہے ہیں۔

سلامتی، خوراک اور شہری مسائل سے گھرے ہوئے ملک میں امن بحال کرنے کے لیے مختلف ممالک مالی طور پر اور امن فوج کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

سعودی عرب کا تازہ ترین معاہدہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے شدید مقروض غریب ممالک (ایچ آئی پی سی) کے لیے کیے گئے اقدام سے ہم آہنگ ہو گا جو 1996 میں اس بات کو یقینی بنانے کی غرض سے شروع کیا گیا تھا کہ کسی بھی غریب ملک کو قرضوں کے ناقابلِ برداشت بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تقریب میں وزیر الجدعان کے بارے میں کہا گیا کہ انہوں نے کم آمدنی والے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجوں کو تسلیم کیا جبکہ یہ نوٹ کیا گیا کہ ہر ملک کے اپنے اقدامات وقت کے ساتھ ساتھ پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں محرک کا کردار ادا کرتے ہیں۔

دو روزہ تقریب میں الگ سے وزیرِ خزانہ نے سعودی عرب کی ان کوششوں پر روشنی ڈالی جو وہ اپنی معیشت کو متنوع بنانے اور تیل کے علاوہ دیگر شعبوں سے ہونے والی آمدنی کو بڑھانے کے لیے کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے سعودی ویژن 2030 کے حصے کے طور پر ملازمت کے شعبے میں اصلاحات اور سعودی نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم و تربیت میں مسلسل ترقی کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی حمایت کرتے ہوئے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے ماحولیاتی نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے۔

الجدعان نے اوپیک فنڈ کے توسیعی ہیڈ کوارٹر کے افتتاح میں بھی حصہ لیا جو ویانا کی تاریخی رنگ روڈ پر تزئین شدہ پیلس کولوریڈو-مینسفیلڈ میں واقع ہے۔

آسٹریا میں قائم کثیر الجہتی ترقیاتی مالیاتی ادارہ 1976 میں پیٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) کے رکن ممالک نے قائم کیا تھا جس کا مقصد گروپ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے درمیان تعاون بڑھانا اور کم آمدنی والے ممالک کی سماجی اور مالی مدد کرنا تھا۔

سالانہ ویانا فورم خوراک، توانائی، صاف پانی، صفائی، صحت کی نگہداشت اور تعلیم جیسی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے لوگوں اور منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں