پرسٹیج فالکن
عمان کے ساحل پر الٹنے والے آئل ٹینکر کے عملے کے نو ارکان کو بچا لیا گیا
سلطنت عمان کے میری ٹائم سکیورٹی سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ تلاش اور امدادی کارروائیوں کے نتیجے میں آئل ٹینکر (پرسٹیج فالکن) کے عملے کے نو ارکان کو کامیابی سے بچا لیا گیا ہے۔ یہ تیل بردار جہاز پیر کو عمان کے ساحل پر الٹ گیا تھا جس پرعملے کے16 افراد سوار تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امدادی ٹیموں کو عملے کے ایک رکن کی لاش بھی ملی ہے۔
سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مدد کرنے والے ہندوستان کے سرکاری اور بحریہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ پیر کو سلطنت عمان کے قریب الٹنے والے کوموروس کے جھنڈے والے آئل ٹینکر کے عملے پر مشتمل 16 افراد میں سے کم از کم نو کو بازیاب کر لیا گیا ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5 video
117 میٹر لمبا آئل پروڈکٹس ٹینکر (پرسٹیج فالکن) یمنی بندرگاہ عدن جا رہا تھا جس میں 13 ہندوستانی اور تین سری لنکن افراد سوار تھے جب عمان کے قریب الٹ گیا۔
بھارتی بحریہ کے ترجمان نے بدھ کو تصدیق کی کہ اب تک آٹھ بھارتی اور ایک سری لنکن باشندے کو بچایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہندوستانی اور عمانی ٹیمیں شدید لہروں اور تیز ہواؤں کے درمیان مشکل موسمی حالات میں تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں کر رہی ہیں"۔
بھارت کے سرکاری حکام نے بتایا کہ علاقے میں عملے کے باقی ارکان کی تلاش جاری ہے۔