الموسوعۃ السعوديۃ الشاملۃ : سعودی زندگی کی علمی تصویر پیش کرنے والا انسائیکلوپیڈیا
سعودی عرب کے بارے میں جامع انسائیکلوپیڈیا 'الموسوعۃ السعودیۃ الشاملۃ" نے مملکت کی تاریخ کے ثقافتی اور معلوماتی تصور کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزارت ثقافت اب کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری کے تعاون سے اس انسائیکلوپیڈیا کے انگریزی ترجمے کا ارادہ رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں ویژن 2030 کے مطابق مملکت کے مختلف صوبوں میں سامنے آنے والی قومی سطح کی ترقیاتی کامیابیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
یہ انسائیکلوپیڈیا سعودی عرب کی تاریخ، اس کے شہروں اور دیہات کے بارے میں جامع معلومات فراہم کرتا ہے۔ اس میں متعدد موضوعات شامل ہیں جن کا تعلق مملکت کے مختلف علاقوں میں اقتصادی، سماجی، آثاریاتی، سیاحتی اور ثقافتی انفرا اسٹرکچر سے ہے۔ یہ انسائیکلوپیڈیا جان کاری کا ایک بڑا خلا پُر کرتا ہے اور بالخصوص محققین کے لیے معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے یہ انسائیکلوپیڈیا 1428 ہجری میں شائع کیا تھا۔ اس کے لیے 250 سے زیادہ علمی شخصیات اور محققین نے کام کیا۔ یہ انسائیکلوپیڈیا مختلف زمانوں میں سعودی زندگی کی ایک جمع علمی تصویر پیش کرتا ہے۔ اس کا شمار ان ضخیم ترین اور عمیق ترین انسائیکلوپیڈیاؤں میں ہوتا ہے جن میں مختلف شعبوں میں مملکت کے 13 صوبوں کو زیر بحث لایا گیا۔ مملکت کے صوبوں کے بارے میں ہمہ گیر معلوماتی زاویے سے جاننے والوں کے لیے یہ انسائیکلوپیڈیا ایک تحقیقی مرجع کی حیثیت رکھتا ہے۔
یہ انسائیکلوپیڈیا 20 جلدوں پر مشتمل ہے۔ اس کو کتابی شکل میں شائع کرنے کے علاوہ سی ڈیز میں بطور ای کاپی بھی جاری کیا گیا۔ انسائیکلوپیڈیا کے 20 ہزار سے زیادہ صفحات ہیں اور ان میں 10 ہزار سے زیادہ تصاویر شامل ہیں۔ تصاویر کے علاوہ جغرافیائی اور دیگر نوعیت کے نقشے اور مختلف موضوعات سے متعلق تفصیلی چارٹ بھی انسائیکلوپیڈیا کا حصہ ہیں۔