یکم اگست 2024 کو جنوبی اسرائیل میں اسرائیل-غزہ سرحد کے قریب ایک اسرائیلی فوجی ٹینک سے ہاتھ ہلا رہا ہے جس کے عقب میں غزہ کی پٹی میں تباہ شدہ عمارات نظر آ رہی ہیں۔ (اے پی فوٹو)
بائیڈن کی شرقِ اوسط میں کشیدگی اور غزہ جنگ بندی پر قطر، مصر کے رہنماؤں سے بات چیت
غزہ جنگ کے اثرات پر تبادلۂ خیال
وائٹ ہاؤس نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کو قطر اور مصر کے رہنماؤں سے بات کی تاکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے۔
اسی دن مصری ایوانِ صدر کے ایک بیان میں کہا گیا کہ بائیڈن کے ساتھ فون کال کے دوران صدر السیسی نے "غزہ جنگ جاری رہنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خطرے اور خطے کے استحکام پر اس کے منفی اثرات" کے بارے میں قاہرہ کے نظریئے کی تصدیق کی۔ بیان میں مزید کہا کہ جنگ بندی معاہدہ طےکرنا خطے میں امن و استحکام کی بحالی کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔
نیز مصری بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی معاہدہ طے کرنے اور دو ریاستی حل پر عمل درآمد کے لیے کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
مصر، قطر اور امریکہ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔