29 جولائی 2024 کو بیروت میں رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مسافر اپنی پروازوں میں تاخیر یا منسوخی کے بعد انتظار کر رہے ہیں۔ ایئر فرانس اور ٹرانساویا ایئرلائنز نے 29 جولائی کو لبنان جانے والی پروازیں معطل کر دی تھیں۔ (اے ایف پی)
ایئر فرانس اور اس کی ذیلی کمپنی ٹرانساویا ایئر لائنز نے پیر کو کہا کہ دونوں نے خطے میں جاری کشیدگی کے باعث بدھ 14 اگست تک بیروت کے لیے اپنی پروازوں کی معطلی میں دوبارہ توسیع کر دی ہے۔
ایئر فرانس نے ایک بیان میں کہا، "لبنان میں سکیورٹی کی صورتِ حال" کی وجہ سے پروازیں 29 جولائی سے معطل کر دی گئی ہیں اور ان کی بحالی "زمینی صورتِ حال کے نئے جائزے سے مشروط ہو گی۔"
ایئر لائن نے کہا، "صارفین اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔"
18 اگست سے پہلے پروازوں کے لیے نشستیں مخصوص رکھنے والے صارفین بغیر کسی خرچ کے اپنا سفر منسوخ یا تبدیل کر سکتے ہیں۔
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان فوجی کشیدگی کے خدشے کی بنا پر متعدد بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے بیروت میں خدمات عارضی طور پر بند کر دی ہیں۔
تاہم ایئر فرانس نے کہا کہ وہ تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں جاری رکھے ہوئے ہے حالانکہ کچھ بین الاقوامی کمپنیوں مثلاً اٹلی کی آئی ٹی اے نے وہاں کے لیے اپنی پروازیں کم از کم 15 اگست تک معطل کر دی ہیں۔