عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ غزہ میں پولیو مہم کا تیسرا مرحلہ منگل کے روز شروع ہوا ہے۔
غزہ میں 25 برس بعد 10 ماہ کے ایک بچہ میں پولیو کا کیس سامنے آنے کے بعد پولیو مہم کا آغاز گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا۔ پولیو مہم کے دوران اسرائیلی فوج ان علاقوں میں بمباری نہیں کرے گی جن میں پولیو ٹیم موجود ہوگی۔
پہلے مرحلے پر غزہ اور جنوبی غزہ میں پولیو ویکسینیشن کی گئی۔ مہم کے آخری مرحلے پر منگل کے روز شمالی غزہ میں پولیو ویکسینیشن کا آغاز ہوگیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ترجمان طارق جاساریوک نے کہا ہے کہ شمالی غزہ میں پولیو مہم کا دورانیہ 10 ستمبر سے 12 ستمبر تک ہوگا۔
وزارت صحت کے نائب وزیر مہر شمیا نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کو بتایا ہے پولیو کے قطرے پلانے کے لیے 230 پولیو ٹیمیں متحرک ہیں۔
غزہ کی رہائشی 38 سالہ سامہ یحییٰ نے کہا میں اپنے بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے قطرے پلوا رہی ہوں۔ میں نے سنا ہے کہ یہ ویکسین محفوظ ہے اور میں خدا کا شکر ادا کرتی ہوں کہ بچوں کو یہ ویکسین مل رہی ہے۔
جاساریوک نے کہا 'گزشتہ روز ہی ویکسین اور نشان لگانے کے کام آنے والے مارکرز شمالی غزہ منتقل کیے جا چکے ہیں۔' انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ صحت پولیو کی ٹیموں کے لیے گاڑیوں اور فیول کا بندوبست کر رہی ہے۔