23 ستمبر 2024 کو لی گئی اے ایف پی ٹی وی ویڈیو سے لی گئی تصویر میں اسرائیلی حملے کے بعد بیروت کے جنوبی مضافات میں دھواں اٹھتا ہوا دکھایا گیا ہے۔ (اے ایف پی)
حزب اللہ کے ایک اور کمانڈر علی کراکی کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی بمباری
لبنان کی ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ پیر کے روز اسرائیل نے حزب اللہ کے ایک اور اہم کمانڈر علی کراکی کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
اسرائیلی حملے کی یہ کوشش اس وقت سامنے آئی جب حزب اللّٰہ اور اسرائیلی فوجوں کے درمیان تصادم کو تقریباً ایک سال ہو رہا ہے۔
حزب اللہ ذرائع کے مطابق کمانڈر علی کراکی لبنان کے جنوبی علاقوں میں حزب اللّٰہ کی کمان کے ذمہ دار ہیں۔
خیال رہے یہ پچھلے چند ہفتوں کے دوران حزب اللّٰہ کے تیسرے اہم کمانڈر کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی۔
جمعہ کے روز حزب اللّٰہ کمانڈر ابراہیم عقیل کو اسرائیلی بمباری میں ہلاک کیا گیا جو حزب اللّٰہ کی ایلیٹ رضوان فورس کے سربراہ تھے۔ جبکہ جولائی کے اواخر میں اسرائیل نے ایک حملے کے دوران فواد شکر کو بیروت میں نشانہ بنایا تھا۔
تاہم علی کراکی کے بارے میں ذرائع نے یہ نہیں بتایا کہ وہ اس اسرائیلی حملے میں زندہ بچ سکے ہیں یا نہیں۔
حزب اللہ کے سرکاری ٹی وی چینل المنار نے اس حملے کی لائیو فوٹیج بھی جاری کی ہے۔ جبکہ 'اے ایف پی' کے نمائندے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے بعد علاقے کو 'کارڈن آف' کر دیا گیا۔
دوسری جانب حزب اللّٰہ کے سرکاری ذرائع نے ابھی تک اس واقعے کی باضابطہ تفصیل جاری نہیں کی ہے۔