22 ستمبر 2023 کو لی گئی اس تصویر میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو نیویارک شہر میں اقوام متحدہ کی 78ویں جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ایران نے اتوار کے روز حماس اور حزب اللہ کے خلاف اپنی جنگ میں شہری اہداف پر اسرائیلی حملوں کے بعد اسرائیل کو اقوام متحدہ سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔ (اے ایف پی/فائل)
شام پراسرائیلی حملے ، اسرائیل کی اقوام متحدہ کی رکنیت ختم کی جائے : ایران
ایران کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ شام میں اسرائیلی بمباری کے واقعات کے پیش نظر اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کی جائے اور اس کی یو این او کی رکنیت کا خاتمہ کیا جائے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ایران شام پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتا ہے جو صہیونی رجیم نے دمشق کے قریب رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔ واضح رہے اسرائیلی بمبار طیاروں نے رہائشی علاقوں پر بمباری کر کے کم از کم نو افراد کو ہلاک کیا ہے۔ ان میں سے ایک کو حزب اللہ کا کمانڈر بتایا گیا ہے۔
بقائی نے کہا ' اس صہیونی رجیم کی غیر قانونی کارروائیوں کو روکنے کے لیے ان کو اسلحے اور ہتھیاروں کی فراہمی بند کی جائے ، نیز اس کی اقوام متحدہ کی رکنیت ختم کر دی جائے۔'
واضح رہے اسرائیل اپنے گرد و پیش کے جس ملک پر چاہے بمباری کی صلاحیت کا استعمال کر رہا ہے۔ غزہ میں ایک سال سے زائد عرصے کے لیے جنگ جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ اس نے لبنان ، شام اور ایران کو بھی اپنے ہتھیاروں کی زد میں لیا ہوا ہے۔