سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 26 جنوری 2025 کو الولا، سعودی عرب میں اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی سے ملاقات کی۔ (بذریعہ رائٹرز)

سعودی عرب : اٹلی کے ساتھ 10 ارب ڈالر کے صنعتی معاہدوں پر دستخط

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد اور اٹلی کی وزیر اعظم کے درمیان اتوار کے روز ہونے والی اہم ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور معاہدات میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے ' ایس پی اے' کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر اعظم اٹلی جارجیا میلونی نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں ان کی حمایت اور مضبوطی کے طریقے تلاش کیے اور باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر میلونی نے کہا ' مضبوط سٹریٹجک شراکت داری کے حصے کے طور پر سعودی عرب کے ساتھ تقریباً 10 ارب ڈالر کے تعاون اور صنعتی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔'

اٹلی کی وزیراعظم کا کہنا تھا ' دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں اور میری خواہش ہے کہ یہ دورہ ہماری شراکت داری میں ایک مکمل طور پر نئے دور کا آغاز بنے۔ دورے کے سلسلے میں طے پانے والے مشترکہ اعلامیہ میں قرار دیا گیا ہے کہ دونوں قومیں اپنے افق وسیع کر سکتی ہیں اور مل کر بہت سے نئے مواقع تلاش کر سکتی ہیں۔'

میلونی نے کہا کہ اٹلی اور سعودی عرب نے'سرکاری سطح پر بہت سے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ نیز سرکاری اور نجی اداروں کی طرف سے ' ایم او یوز' پر دستخط کر کے ان کی بھی حمایت کی ہے۔

وزیر اعظم نے انفراسٹرکچر، توانائی، دفاع، کھیل، تفریح اور سیاحت کے شعبوں کا بطور خاص حوالہ دیا اور کہا 'دونوں ممالک کے درمیان تعاون مضبوط، زیادہ مؤثر اور گہرا بنایا جا سکتا ہے۔'

وزیر اعظم اٹلی کے دفتر نے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے' ملاقات کے دوران میلونی اور ولی عہد نے یوکرین میں منصفانہ اور دیرپا امن کے علاوہ غزہ میں جنگ بندی کو مضبوط بنانے، شام میں تعمیر نو کی کوششوں کی حمایت اور لبنان کی مدد پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔'

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں