خطوط الملكية الأردنية
اردن کی قومی فضائی کمپنی Royal Jordanian نے آج جمعے کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ 13 برس کے وقفے کے بعد عمّان اور دمشق کے درمیان براہ راست تجارتی پروازوں کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس وقت ہفتے میں چار پروازیں چلائی جا رہی ہیں جن کو جلد ہی بڑھا کر سات کر دیا جائے گا۔
روئل جورڈینیئن ایئرلائنز کے مطابق اس سلسلے میں پہلی پرواز نے آج صبح مقامی وقت کے مطابق 7:20 پر عمان کے ملکہ علیاء بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دمشق کے لیے اڑان بھری۔ اردن کی فضائی کمپنی اس وقت یورپ، امریکا، مشرق وسطی اور خلیج عربی میں 45 سے زیادہ منزلوں کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اردن کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ فضائی پروازوں کی بحالی کے ساتھ ہی اردن کے شہری ملک کے تمام ہوائی اڈوں سے شام میں دمشق اور حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے لیے فضائی سفر کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ آٹھ دسمبر کو بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد رواں ماہ 7 جنوری کو دمشق کے ہوائی اڈے سے بین الاقوامی پروازوں کا دوبارہ سے آغاز ہوا تھا۔
اس روز شام کی قومی فضائی کمپنی کے طیارے نے متحدہ عرب امارات میں شارقہ کے ہوائی اڈے کے لیے اڑان بھری۔ اسی روز قطر کی قومی فضائی کمپنی نے تقریبا 13 برس کے وقفے کے بعد شام کے لیے اپنی پروازوں کا دوبارہ آغاز کیا۔