شہزادی ریما بنت بندر
سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے امریکہ میں ملازمت کے لاکھوں مواقع پیدا ہوئے: شہزادی ریما
امریکہ میں متعین سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب اور امریکہ کا دیرینہ اتحاد مستقبل کے لیے ایک نئی بصیرت فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاری کی بہ دولت امریکہ میں لاکھوں ملازمتیں پیدا ہو چکی ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان اسٹرٹیجک تعلقات کی گہرائی اور وسعت کو ظاہر کرتا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے موجودہ دورۂ ریاض کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے شہزادی ریما نے کہا کہ یہ دورہ دنیا میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ایک فیصلہ کن موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اپنی غیر تیل معیشت کو ترقی دے رہا ہے، جو اب مملکت کی حقیقی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا 50 فیصد بن چکی ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5 video
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب امریکہ کے ساتھ مل کر یورپ اور دیگر خطوں میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کام کر رہا ہے۔ ریما بنت بندر نے زور دے کر کہا کہ ریاض غیر جانبدارانہ میدان فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور جہاں ممکن ہو وہاں امن کے فروغ میں اپنی ذمہ داری نبھاتا رہے گا۔ یہ بات انہوں نے سعودی-امریکی سرمایہ کاری فورم سے خطاب میں کہی۔ یہ اجلاس صدر ٹرمپ کے دورے کے موقع پر منعقد کیا گیا۔
اسی سلسلے میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ اس امر کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے کہ دنیا کو قابل اعتماد، سستی اور پائیدار توانائی میسر رہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مملکت کاربن کے گردشی اقتصادی ماڈل کے ذریعے "نیٹ زیرو" کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہے۔
شہزادی ریما بنت بندر نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور امریکہ کے مضبوط اتحاد نے کئی عالمی چیلنجوں کے حل میں اہم کردار ادا کیا ہے، جن میں یوکرین، غزہ، شام اور سوڈان کے بحران شامل ہیں۔ دونوں ممالک مل کر ان علاقوں میں استحکام اور امن کے لیے راہیں تلاش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے اپنی جغرافیائی حیثیت اور قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کو مضبوط بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ ان کے بہ قول یہ شراکت داری باہمی احترام، مفادات کی ہم آہنگی اور مشترکہ ترقی کے اصول پر قائم ہے۔