فلسطینی جنوبی غزہ کی پٹی کے خان یونس میں تین جون 2025 کو امریکی حمایت یافتہ تنظیم غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کی فراہم کردہ غذائی امداد کے بیگ اٹھائے ہوئے ہیں۔ (اے پی)
فائرنگ کے بعد تمام تقسیمی مراکز بند کر دیئے گئے ہیں: غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن
فائرنگ کے حالیہ واقعات میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں
غزہ میں امداد فراہم کرنے والے ایک امریکی اور اسرائیلی حمایت یافتہ گروپ غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن (جی ایچ ایف) نے جمعہ کے روز کہا کہ اس کے تمام تقسیمی مراکز اگلے نوٹس تک بند کر دیئے گئے ہیں اور مہلک فائرنگ کے ایک سلسلے کے بعد رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ "اپنی حفاظت کے لیے" ان مقامات سے دور رہیں۔
جی ایچ ایف نے کہا ہے کہ مراکز کے دوبارہ کھلنے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
فائرنگ والے واقعے کے تناظر میں جی ایچ ایف نے جمعرات کو جنوبی غزہ میں اپنے تمام مراکز بند کرنے کے بعد دو جگہیں کھول دیں۔ اس نے اب تک چار تقسیمی مراکز چلائے ہیں۔
رفح امدادی مرکز کے قریب مسلسل تین دنوں میں درجنوں فلسطینیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جس کے بعد جی ایچ ایف نے بدھ کے روز تقسیم روک دی اور کہا کہ اس نے اسرائیلی افواج پر زور دیا کہ وہ تنظیم کی کارروائیوں کے دائرہ سے باہر شہریوں کی حفاظت کو بہتر بنائے۔
اسرائیلی فوج نے امداد ملنے کے منتظر فلسطینیوں پر مسلسل تین دن تک فائرنگ کی جس سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ اس پر اسے اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔