سعودی عرب : اقامہ، لیبیر قوانین اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب 23167 افراد گرفتار
سعودی عرب کے تمام صوبوں میں اقامتی، محنت کشی اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے 10 جولائی 2025 سے 16 جولائی 2025 تک کی گئی مشترکہ میدانی کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 23,167 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے 14,525 افراد اقامتی قوانین، 5,511 افراد سرحدی سیکیورٹی کے ضوابط اور 3,131 افراد لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔
اسی عرصے میں 1,593 افراد کو سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، جن میں 30 فی صد یمنی، 69 فی صد ایتھوپیائی اور 1 فی صد دیگر قومیتوں سے تعلق رکھتے تھے۔ علاوہ ازیں 41 افراد کو سعودی عرب سے غیر قانونی طور پر باہر جانے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا۔
مزید یہ کہ 22 افراد کو ایسے افراد کو نقل و حمل فراہم کرنے، ان کو پناہ دینے، روزگار دینے یا ان پر پردہ ڈالنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔
اس وقت 16,441 غیر ملکی افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جن میں 14,255 مرد اور 2,186 خواتین شامل ہیں۔
اب تک8,622 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے سفارتی مشنو کے حوالے کیا جا چکا ہے، 3,393 افراد کی سفری بکنگ مکمل کی جا رہی ہے، اور 10,587 افراد کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ جو شخص بھی سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سعودی عرب میں داخل ہونے، ان کی نقل و حرکت، رہائش یا کسی بھی قسم کی سہولت یا خدمت فراہم کرے گا، وہ 15 سال تک قید، دس لاکھ ریال جرمانہ، استعمال شدہ سواری اور رہائش کی ضبطی اور تشہیر جیسی سخت سزاؤں کا مستحق ہو گا۔
وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ جرم نہ صرف قابلِ گرفتاری ہے بلکہ دیانت اور امانت کے خلاف سنگین جرم شمار ہوتا ہے۔ عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ اگر اس نوعیت کی کسی خلاف ورزی کا علم ہو تو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں 911 پر، اور باقی صوبوں میں 999 یا 996 پر فوری اطلاع دیں۔