جنوبی غزہ کی پٹی میں سرحد پر اسرائیلی جانب سے جھڑپوں کے دوران فلسطینی پرچم کی تصویر - 2018 رائٹرز
غزہ اور مغربی کنارے کی مکمل ذمہ داری اٹھانے کو تیار ہیں: فلسطینی حکومت
نیویارک اعلامیہ اور عالمی سطح پر فلسطین کو تسلیم کرنا فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کر رہے ہیں
فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفیٰ نے کہا ہے کہ حکومت قومی سطح پر ہر ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار ہے، چاہے وہ فوری ریلیف ہو، غزہ کی بحالی اور تعمیر نو کے اقدامات ہوں یا پہلے سے جاری جامع اصلاحات کا سلسلہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطین عالمی برادری کی ان کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے جو جنگ بندی اور امن قائم کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
عوام کی امیدیں اور ریاستی اداروں کا اتحاد
محمد مصطفیٰ نے زور دیا کہ قومی اداروں اور نافذ قوانین کو متحد کر کے عملی نتائج حاصل کیے جائیں تاکہ سکیورٹی اور استحکام کو مضبوط کیا جا سکے۔ ان کے مطابق نیویارک اعلامیہ رواں ماہ ستمبر میں سامنے آنے والے تاریخی اعترافات اور جنگ کے خاتمے کے لیے عالمی کوششیں وہ حقائق ہیں جن پر فلسطینی ریاست کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات بے دخلی، قبضے اور فلسطینی اتھارٹی کو کمزور کرنے کی کوششوں کے مقابلے میں ڈھال ہیں اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی سمت ایک اہم پیش رفت ہیں، جو عوام کی آزادی اور خودمختاری کی امیدوں کو حقیقت میں بدلیں گی۔
ٹرمپ کا 20 نکاتی منصوبہ
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب روز وائٹ ہاؤس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ غزہ منصوبے کی کچھ تفصیلات جاری کیں۔ 20 نکات پر مشتمل اس منصوبے کا بنیادی پہلو یہ ہے کہ اگر اسرائیل اور حماس دونوں متفق ہوں تو فوری طور پر جنگ بندی کر دی جائے۔
منصوبے کے مطابق غزہ کو غیر مسلح کر کے ایک فلسطینی کمیٹی اور بین الاقوامی ماہرین کے تحت چلایا جائے گا جس اس میں حماس کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔ امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے تسلیم کیا کہ اس تجویز کو مزید وضاحت کی ضرورت ہے لیکن ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ اس بار کامیاب ہو سکتا ہے کیونکہ اسے عرب اور یورپی حمایت حاصل ہے۔
طویل مذاکرات اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا
واضح رہے کہ جنگ بندی کے لیے مذاکرات گذشتہ دو برس سے وقفے وقفے سے جاری تھے مگر کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے، جبکہ اسرائیل نے غزہ پر بمباری اور سخت محاصرہ جاری رکھا جس کے باعث فلسطینی عوام بار بار نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
گذشتہ ہفتے بیلجیم، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال نے باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا، جو کہ اسرائیل کی روایتی اتحادی ان ممالک کی پالیسی میں تاریخی تبدیلی ہے۔ یہ فیصلہ غزہ میں جاری جنگ کو تقریباً دو برس مکمل ہونے کے موقع پر سامنے آیا۔