حزب اللہ سربراہ نعیم قاسم
لبنان : اسرائیل کو رعائتیں دلوانے کے لیے امریکی دباؤ قابل مذمت ہے، حزب اللہ سربراہ
لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اس امر پر اظہار تشویش کیا ہے کہ امریکہ لبنان پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ لبنان اسرائیلی ریاست کو یکطرفہ اور بلا جواز رعائتیں دے۔ انہوں نے اس دوران اس امر کو مزید افسوسناک قرار دیا کہ یہ رعائتیں دینے کے بدلے میں لبنان کے لیے کوئی جوابی پیش کش نہیں ہے۔
حزب اللہ جو پچھلے سال کی اسرائیل سے جنگ کے نتیجے میں بہت کمزور ہو گئی ہے ان دنوں عام طور پر انہی خبروں کی وجہ سے میڈیا میں آتی ہے کہ اسرائیل نے اپنے لبنان میں حملے میں حزب اللہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے یا پھر یہ خبریں ہوتی ہیں کہ حزب اللہ کو ہتھیار چھوڑنا ہوں گے مگر وہ انکار کر رہی ہے۔
کافی ہفتوں کے بعد منگل کے روز حزب اللہ سربراہ نعیم قاسم کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔ جس میں انہوں نے حزب اللہ کے علاوہ بھی کسی موضوع پر بات کی ہے۔
نعیم قاسم نے کہا امریکہ کی کوشش ہے کہ حزب اللہ کے لیے فنڈنگ کو رکوا سکے اور کم کروا سکے۔ دوسری جانب امریکہ لبنانی حکومت پر حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے بھی کافی عرصے سے دباؤ ڈال رہا ہے ۔
یاد رہے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی معاہدہ پچھلے سال 27 نومبر کو ہوا تھا۔ مگر ابھی تک اس معاہدے پر عمل نہ کرنے کا دونوں فریق ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں۔
اسرائیل نے تقریبا ایک سال ہونے کے باوجود اپنی زیر قبضہ لبنانی پوزیشنوں کو خالی نہیں کیا اور اس کے ساتھ ہی اسرائیلی بمباری اور ڈرون حملوں کا سلسلہ بھی لبنان کے مختلف علاقوں میں مسلسل جاری ہے۔ گویا اسرائیل نے جنگی جارحیت کی وقفوں کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
حزب اللہ سربراہ نے المار ٹی وی کے توسط سے کہا ہے امریکہ لبنانی حکومت کو زیر دباؤ لاکر کسی جوابی رعائت کے لبنان کو دلوائے بغیر یکطرفہ طور پر اسرائیلی ریاست کو رعائتیں دلوا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ لبنانی حکومت کا یہ کام نہیں ہے کہ وہ امریکی احکامات کی تعمیل کرتی رہے اور امریکہ کہتا جائے اس پر عمل کیا جاتا رہے۔
ادھر امریکی وزارت خزانہ کا ایک وفد پیر کے روز لبنانی حکام سے ملا ہے اور وفد نے حکم دیا ہے کہ حزب اللہ کو ایران سے آنے والی فنڈنگ کو روکا جائے۔ کیونکہ وزارت خزانہ کے دہشت گردی کے خلاف ڈپٹی ڈائریکٹر نے پیر کو ان ملاقاتوں کے دوران کہا امریکی انتظامیہ حزب اللہ کو ملنے والی فنڈنگ میں کمی لانے کے لیے بہت سنجیدہ ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے حکام کے مطابق ماہ جنوری سے اب تک ایران نے حزب اللہ کو ایک ارب ڈالر سے زیادہ رقومات منتقل کی ہیں۔
لبنانی حکومت کے ایک ذمہ دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا امریکی وفد میں بڑا واضح اور سخت پیغام دیا ہے کہ حزب اللہ کو ملنے والے فنڈز کو پوری سختی سے روکا جائے۔