قوافل الهلال الأحمر المصري تحمل المساهدات لأهالي قطاع غزة - معبر رفح - ديسمبر 2025

مصر کی جانب سے غزہ کے لیے 10 ہزار ٹن امداد پر مشتمل نیا امدادی قافلہ روانہ

امدادی سامان میں خوراک، طبی سامان، ایندھن اور سردی سے بچاؤ کی ضروری امداد شامل ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصری ہلال احمر نے بدھ کی صبح "زاد العزہ۔۔ مصر سے غزہ" کے عنوان سے امدادی قافلہ نمبر 91 روانہ کیا جو غزہ کی پٹی کی طرف ہنگامی انسانی امداد لے کر روانہ ہوا ہے۔

اس قافلے میں مجموعی طور پر 10 ہزار ٹن سے زیادہ ہنگامی امداد شامل ہے جن میں 6 ہزار 200 ٹن غذائی اشیاء، 2 ہزار 600 ٹن طبی اور امدادی سامان اور تقریباً ایک ہزار 200 ٹن پٹرولیم مصنوعات شامل ہیں۔

قافلے میں موسم سرما کی بنیادی ضرورت کی اشیاء بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ بارش اور سردی کے سخت موسم میں غزہ کے متاثرہ شہریوں کی مشکلات کم کی جا سکیں۔ ان اشیاء میں 45 ہزار سے زائد کمبل، 25 ہزار 900 گرم کپڑے اور 10 ہزار 225 خیمے شامل ہیں جو بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ یہ سب اقدامات غزہ کے شہریوں کی امداد کے لیے مصر کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔

گذشتہ جولائی سے اب تک لاکھوں ٹن امداد

یاد رہے کہ "زاد العزہ۔۔ مصر سے غزہ" قافلہ 27 جولائی کو روانہ ہوا تھا جس کے بعد سے ہزاروں ٹن امداد بھیجی جا چکی ہے۔ ان میں غذائی سامان، آٹا، بچوں کا دودھ، طبی سازوسامان، ادویات، ذاتی نگہداشت کی اشیاء اور بڑی مقدار میں ایندھن شامل تھا۔

مصری ہلال احمر بحران کے آغاز سے ہی سرحد پر امداد کی ترسیل اور انتظام کے لیے قومی سطح پر سرگرم ہے۔ رفح بارڈر کا مصری حصہ کبھی مکمل طور پر بند نہیں کیا گیا اور امدادی قافلوں کی ترسیل کے لیے تمام لاجسٹک مراکز پوری طرح متحرک رہے۔ اب تک پانچ لاکھ ٹن سے زیادہ امدادی سامان غزہ پہنچایا جا چکا ہے جس میں 35 ہزار رضاکار شریک رہے۔

چند روز قبل فلسطینی ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ اور الحدث ڈاٹ نیٹ کو بتایا تھا کہ غزہ کی انسانی صورت حال نہایت ابتر ہو چکی ہے اور موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہر گزرتے دن بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق آٹے، تیل، چینی، چاول اور بچوں کے دودھ جیسی بنیادی غذائی اشیاء کی شدید کمی ہے جبکہ غذائی قلت ایک سال سے کم عمر تقریباً 50 ہزار بچوں اور پانچ برس سے کم عمر تقریباً تین لاکھ بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں