ناشتہ کرنے کا سنہری وقت کون سا ہے؟ ماہرین نے الجھن دور کر دی
ناشتہ کو طویل عرصے سے ''دن کی سب سے اہم غذا'' قرار دیا جاتا رہا ہے، مگر بڑھتی ہوئی سائنسی تحقیق بتاتی ہے کہ ناشتے کا وقت بھی اس کی غذائیت جتنا ہی اہم ہو سکتا ہے، خاص طور پر جب بات میٹابولزم کی صحت اور بلڈ شوگر کی سطح کی ہو۔
برطانیہ میں کیے گئے ایک مطالعے جس میں تقریباً 3 ہزار بزرگ افراد شامل تھے، سے معلوم ہوا کہ ناشتہ دیر سے کرنے کا تعلق قبل از وقت موت کے خطرے میں اضافے سے ہے۔
طبی ویب سائٹ VeryWellHealth کی رپورٹ کے مطابق ناشتہ کرنے میں ہر ایک گھنٹے کی تاخیر کے ساتھ موت کے خطرے میں 8 سے 11 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔
اگرچہ محققین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ وجہ اور نتیجے کے تعلق کو واضح طور پر سمجھنے کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے، تاہم یہ نتائج روزمرہ کی سادہ عادات جیسے دن کی پہلی غذا کے وقت کے طویل المدتی صحت پر اثرات کے بارے میں اہم سوالات اٹھاتے ہیں۔
ماہرینِ غذائیت ناشتہ جاگنے کے ایک سے دو گھنٹے کے اندر کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، کیونکہ اس کے کئی فوائد ہیں، جن میں:بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنارات کے طویل روزے کے بعد میٹابولزم کو متحرک کرناجسم کی حیاتیاتی گھڑی (سرکیڈین ردھم) کو سہارا دیناتحقیقات سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ جلدی ناشتہ کرنا جسم میں ہارمون GLP-1 کے ردِعمل کو بہتر بنا سکتا ہے۔ یہ ہارمون کھانے کے بعد خارج ہوتا ہے اور بھوک کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ خون میں شکر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
تاہم ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ ناشتہ جلدی کرنے سے بھی زیادہ اہم چیز باقاعدگی ہے۔ روزانہ حتیٰ کہ ہفتے کے آخر میں بھی ناشتے کا ایک ہی وقت برقرار رکھنا وزن توانائی اور ہارمونز کے توازن پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق روزانہ تقریباً ایک ہی وقت پر ناشتہ کرنے سے جسم اپنی اندرونی گھڑی کو درست رکھتا ہے، جس کا نتیجہ بہتر توجہ زیادہ توانائی اور بہتر میٹابولک صحت کی صورت میں نکلتا ہے۔
اگر صبح بھوک محسوس نہ ہو تو کیا کریں؟
جاگتے ہی بھوک نہ لگنا ایک عام بات ہے اور اسے مسئلہ نہیں سمجھا جاتا۔ ایسی صورت میں ماہرین 60 سے 90 منٹ انتظار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، لیکن ناشتہ کئی گھنٹوں تک مؤخر کرنے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے بعد میں زیادہ کھانے یا زیادہ کیلوریز والی غذاؤں کے انتخاب کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پہلے سے تیاری مفید ثابت ہو سکتی ہے، مثلاً رات کو ہی آسان ناشتہ تیار کر لیناجیسے بھگا ہوا جئی (اوٹس) یا اُبلے ہوئے انڈےتاکہ مقررہ وقت پر ناشتہ کرنا آسان ہو جائے۔
جلدی ناشتہ کرنا شاید براہِ راست عمر میں اضافہ نہ کرے، لیکن یہ ایک سادہ قدم ہے جو بلڈ شوگر کے بہتر کنٹرول، میٹابولزم کی معاونت اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے میں مدد دے سکتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایسا وقت منتخب کیا جائے جس پر باقاعدگی سے عمل ممکن ہواور ناشتہ غذائیت سے بھرپور اور متوازن ہو۔