ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی - جنوری 2026 – ایسوسی ایٹڈ پریس
اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا : ایرانی وزیر خارجہ
"ہم خود پر مسلط کردہ غیر قانونی جنگ کے حتمی اور مستقل خاتمے کے لیے شرائط چاہتے ہیں".
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ہفتے کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تہران نے امریکہ کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے مذاکرات کے لیے پاکستان کے شہر اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا ملک خود پر مسلط کردہ غیر قانونی جنگ کے حتمی اور مستقل خاتمے کے لیے شرائط چاہتا ہے۔
عراقچی نے "ایکس" پلیٹ فارم پر لکھا کہ ہم پاکستان کی کوششوں کے بے حد مشکور ہیں اور ہم نے مذاکرات کے لیے اسلام آباد جانے سے انکار نہیں کیا۔ ہمیں اپنے اوپر مسلط کی گئی غیر قانونی جنگ کو حتمی طور پر ختم کرنے کی شرائط کے حوالے سے تشویش ہے۔
عراقچی نے مزید کہا کہ امریکی میڈیا مذاکرات کے حوالے سے ایران کے موقف کو مسخ کر رہا ہے۔
اس سے قبل امریکی اخبار "وال اسٹریٹ جرنل" نے ثالثوں کے حوالے سے رپورٹ دی تھی کہ پاکستان کی قیادت میں علاقائی ثالثوں کی سرپرستی میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے مذاکرات کا موجودہ دور تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو اپنی قوم سے تقریباً 20 منٹ کے مختصر خطاب میں کہا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ نے اسے فوجی اور معاشی طور پر تباہ کر دیا ہے اور اس کا جوہری پروگرام ختم کر دیا ہے اور یہ جنگ تمام اہداف کے حصول تک جاری رہے گی۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ اگلے دو یا تین ہفتوں میں ایران کے خلاف شدید طاقت کے ساتھ حملے کیے جائیں گے۔
Your browser doesn’t support HTML5 video
ایک ایسے خطاب میں جس پر سب کی نظریں جمی ہوئی تھیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز جنگ کے جلد خاتمے کی امیدوں کو ختم کر دیا اور ایران کو پتھر کے زمانے میں واپس بھیجنے کے لیے دو سے تین ہفتوں تک حملوں کی بات کی۔
اس کے چند گھنٹوں بعد ایرانی فوج نے جمعرات کے روز امریکہ اور اسرائیل پر تباہ کن حملے کرنے کی دھمکی دی۔