Screenshot 2026-04-14 095518

آپ کے سماجی مرتبے کے تعین میں جینیات کا کردار سب سے اہم ہے:ماہرین

ذہانت اور مواقع کے باہمی تعلق پر جڑواں بچوں کے حوالے سے نئی تحقیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایک حالیہ مطالعہ یہ اشارہ دیتا ہے کہ ذہانت اور سماجی و اقتصادی حیثیت کے درمیان تعلق بڑی حد تک جینیاتی عوامل کا مرہونِ منت ہو سکتا ہے، نہ کہ صرف ماحول کا، جیسا کہ گذشتہ وقتوں میں سمجھا جاتا تھا۔

اس ضمن میں لنڈ یونیورسٹی کی جانب سے شائع کردہ ایک رپورٹ بتاتی ہے کہ ذہانت میں پائے جانے والے فرق کی تقریباً 75 فیصد وضاحت موروثی عوامل سے کی جا سکتی ہے۔ علاوہ ازیں ذہانت اور آمدن یا تعلیم کے درمیان تعلق کی بنیاد 69 فیصد سے 98 فیصد تک جنیات پر مبنی ہوتی ہے۔

اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ یہ تحقیق تقریباً 880 جڑواں افراد پر کی گئی، جس میں ہم شکل اور مختلف نظر آنے والے جڑواں بچوں کا موازنہ کیا گیا۔ اس طریقہ کار کی بدولت محققین کے لیے جینیاتی اثرات کو مشترکہ ماحول سے الگ کر کے دیکھنا ممکن ہوا۔

حقیقی فرق کو ظاہر کرنے والا تجربہ

تحقیق کے مطابق تمام شرکاء کی پرورش یکساں خاندانی ماحول میں ہوئی لیکن جڑواں بچوں کے درمیان جینیاتی مماثلت کے فرق نے محققین کو موروثی اثرات کی زیادہ درست پیمائش کرنے کا موقع فراہم کیا۔

اس مطالعے میں 23 سال کی عمر میں ذہانت کی سطح کو جانچا گیا اور پھر 27 سال کی عمر میں ان کی سماجی و اقتصادی حیثیت کا جائزہ لیا گیا، جس میں تعلیم، آمدن اور پیشہ شامل تھا۔ اس کا مقصد عملی زندگی کے ابتدائی مرحلے کے دوران پائے جانے والے تعلق کا مشاہدہ کرنا تھا۔

نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ "سنہری چمچ" یعنی خاندانی پس منظر کا اثر واحد عنصر نہیں ہے، بلکہ جینیاتی رجحانات اس سے کہیں زیادہ بڑا کردار ادا کرتے ہیں جتنا پہلے تصور کیا جاتا تھا۔

تاہم محققین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ان نتائج کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ افراد کی تقدیر مکمل طور پر پہلے سے طے شدہ ہے، کیونکہ جنیات اور ماحول کا باہمی ملاپ زندگی کا رخ بدل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی اور سماجی پالیسیاں اب بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تحقیق میں والدین کی ذہانت یا ان کی معاشی حالت کو مکمل طور پر مدنظر نہیں رکھا گیا، جو ممکنہ طور پر تخمینوں کی درستگی پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

لیکن مجموعی طور پر یہ مطالعہ انفرادی صلاحیتوں اور سماجی مواقع کے درمیان پیچیدہ تعلق پر روشنی ڈالتا ہے اور زندگی کا راستہ متعین کرنے میں جنیات اور ماحول کے کردار کو گہرائی سے سمجھنے کی دعوت دیتا ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں