بیلجیئم کے برسلز میں 11 مئی 2026 کو سیریا پارٹنرشپ کوآرڈینیشن فورم کے اجلاس کے بعد یورپی کمشنر برائے بحیرہ روم ڈوبراوکا سویکا اور شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی ایک پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ (رائٹرز)
شامی وزیرِ خارجہ: یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری کا نیا مرحلہ شروع ہو رہا ہے
شامی وزیرِ خارجہ اسعد الشیبانی نے پیر کو کہا ہے کہ دمشق یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔
یہ تبصرے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب یورپی یونین نے شامی اداروں کی مدد کے لیے تقریباً 59 ملین ڈالر کا وعدہ کیا ہے۔
یورپی یونین نے یہ بھی کہا کہ وہ شام سے رابطہ کاری میں یہ فیصلہ کرے گا کہ آیا شامی پناہ گزینوں کی ان کے ملک میں واپسی کے لیے حالات محفوظ ہیں۔
یورپی کونسل نے پیر کو کہا، ہم نے یورپی اقتصادی برادری اور شامی عرب جمہوریہ کے درمیان تعاون کے معاہدے کا جزوی تعطل ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس طرح شام کے ساتھ مکمل تجارتی تعلقات بحال ہو گئے ہیں۔ یہ اقدام یورپی یونین اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یورپی کونسل نے ایک بیان میں مزید کہا، اس فیصلے سے "شام سے دوبارہ منسلک ہونے اور اس کی اقتصادی بحالی کی حمایت کرنے کے لیے یورپی یونین کے عزم کا واضح سیاسی اشارہ ملتا ہے۔"