سعودی کابینہ
سعودی کابینہ : پاکستان کے ساتھ فضائی سہولتوں کے معاہدے کی منظوری
پاکستان کے ساتھ فضائی سہولتوں کے فروغ کے معاہدے کی سعودی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ اس امر کا اعلان منگل کے روز خبر رساں ادارے 'ایس پی اے' نے ایک رپورٹ میں کیا ہے۔ معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان فضائی رابطوں کا فروغ ہوگا اور مسافروں کی آسانیوں میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی نقل حمل کے لیے معاہدے پر دستخط اگست 2023 میں کیے گئے تھے۔ معاہدے کا مقصد دوطرفہ فضائی پروازوں میں اضافہ اور کرایوں میں کمی کرنا تھا۔
منگل کے روز مملکت کی کابینہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت جدہ میں ہونے والے اجلاس میں منظوری دی ہے۔ 'ایس پی اے' کی طرف سے 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے 'مملکت سعودی عرب کی حکومت اور حکومت پاکستان کے درمیان فضائی خدمات کے شعبے میں معاہدے کی منظوری دے دی گئی ہے۔'
اس معاہدے کے نتیجے میں حج اور عمرہ کے لیے سعودی عرب جانے والے پاکستانی شہریوں کو بطور خاص سفری سہولتوں میں اضافہ میسر آئے گا۔ پاکستان سے ہر سال لاکھوں افراد حج اور عمرے کی ادائیگی کے لیے جاتے ہیں۔
پاکستان کی کوشش ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ ساتھ چین اور وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان دو طرفہ بنیادوں پر تجارت ، سرمایہ کاری اور رابطوں کو بڑھائے۔