Israeli artillery units and military vehicles in formation on the Israeli side of the Israel-Lebanon border, in northern Israel May 4, 2026. Picture taken with a mobile phone. REUTERS/Avi Ohayon TPX IMAGES OF THE DAY
فوج جنوبی لبنان سے اپنے کچھ بریگیڈز واپس بلائے گی: اسرائیلی میڈیا
فریم ورک معاہدے کے مطابق لبنانی فوج پر لازم ہے کہ وہ پورے ملک پر اپنا کنٹرول قائم کرے
اسرئیل لبنان کے ساتھ چودہ نکات پر مشتمل فریم ورک معاہدے کے تحت جنوبی لبنان سے اپنی فوج کے کچھ لڑاکا بریگیڈز واپس بلائے گا۔ یہ بات اسرائیلی میڈیا نے آج ہفتے کے روز بتائی۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق فوج جنوبی لبنان میں اپنی نفری میں کمی کرے گی، کچھ لڑاکا بریگیڈز کو واپس بلا کر ان کی تیاری کو دوبارہ بہتر بنایا جائے گا... اور جلد ہی غزہ کی پٹی اور جنوبی لبنان میں تعینات بریگیڈز کے درمیان تبادلے کا عمل شروع ہو گا۔
العربیہ اور الحدث کو اس معاہدے کی تفصیلات موصول ہوئی ہیں۔ اس کے نکات میں یہ شامل ہے کہ غیر سرکاری مسلح گروہوں کے غیر مسلح ہونے کی تصدیق کے بعد لبنانی مسلح افواج پورے لبنان میں اپنا اختیار بحال کریں گی۔ اس سے اسرائیلی فوج کو لبنانی سرزمین سے بتدریج دوبارہ انخلا کا موقع ملے گا۔
معاہدے میں لبنان اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ اس کی سکیورٹی فورسز لبنان کی سکیورٹی، دفاع اور جنگ و امن کے فیصلوں کی خصوصی ذمہ دار ہیں۔ اس معاہدے میں یہ بھی شامل ہے کہ اگر اسرائیل پر حزب اللہ کی جانب سے حملہ ہوتا ہے تو اسے جواب دینے کا حق حاصل ہو گا، جبکہ دونوں ممالک کا ایک دوسرے کے ساتھ پُر امن طریقے سے رہنے پر اتفاق ہے۔
لبنانی ذرائع نے العربیہ اور الحدث کو تصدیق کی کہ اسرائیل کے ساتھ کام کا فریم ورک واضح طور پر "مرحلہ وار دوبارہ انخلا" کی بات کرتا ہے اور اس میں مستقل اسرائیلی فوجی موجودگی کو تسلیم کرنے کی کوئی شق شامل نہیں ہے۔
لبنانی ذرائع نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا بیان فریم ورک کے مسودے سے متصادم ہے اور اس سے تجاوز کرتا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی نشاندہی کی کہ لبنانی فوج کی تعیناتی اسرائیل کی اجازت کی محتاج نہیں ہو گی اور تجرباتی علاقوں کا قیام باہمی رضامندی سے ہو گا، نہ کہ صرف اسرائیل کے فیصلے سے۔
دوسری جانب واشنگٹن میں لبنانی سفارت خانے نے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ دستخط شدہ فریم ورک کو لبنان میں سکیورٹی اور استحکام بحال کرنے کی سفارتی کوششوں میں ایک سنگ میل قرار دیا۔
سفارت خانے نے اس بات پر زور دیا کہ فریم ورک میں دو تجرباتی مراحل کے نفاذ کی بات کی گئی ہے جس میں اسرائیلی انخلا اور فوج کی تعیناتی شامل ہے۔
لبنانی سفارت خانے نے کہا کہ یہ فریم ورک لبنان کی خود مختاری کے مکمل احترام کے ساتھ تمام لبنانی علاقوں سے بتدریج اور مکمل انخلا کی جانب پہلا قدم ہے اور لبنان نے جنگ کے بجائے بات چیت پر مبنی خود مختار راستہ اختیار کیا ہے۔