نتائج مملکت بھر میں اعلیٰ سطح کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے سرکاری اداروں کی کوششوں کو نمایاں کرتے ہیں۔ (سپلائی شدہ)
سعودی عرب : شہری تحفظ کے امور میں جی 20 میں نمایاں
سعودی عرب نے جی 20 ملکوں میں سال 2025 کے دوران شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کے میدان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف اور اشاروں سے متعلق ڈیٹا بیس کی ریلیز کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان اعداد و شمار میں سعودی عرب سب سے آگے ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب کی 97.7 فیصد آبادی خود کو ہر طرح سے محفوظ اور مامون سمجھتے ہوئے سفر کر سکتی ہے اور گرد و پیش گھوم پھر سکتی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے 'ایس پی اے' نے بھی اس خبر کو نمایاں طور پر رپورٹ کیا ہے۔
اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ 94.9 فیصد خواتین، 97 فیصد عام شہری اور 97.2 فیصد سینیئر سٹیزن جن کی عمر 60 سے 64 سال کے درمیان ہے بحفاظت اور اطمینان کے ساتھ اپنے گلی محلوں میں اکیلے نکل سکتے ہیں اور اس میں انہیں کبھی کوئی خوف محسوس نہیں ہوا۔
نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی حکومت اور اس کے متعلقہ اداروں نے اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے غیر معمولی اقدامات کرتے ہوئے ماحول فراہم کر رکھا ہے اور یہ صورتحال پورے سعودی عرب میں موجود ہے۔
سعودی ویژن 2030 کے مطابق شہریوں کے تحفظ، ملکی استحکام، شہریوں کے معیار زندگی، خوراک کی بسہولت اور معیار کے ساتھ فراہمی، صحت مندانہ ماحول، طبی سہولیات، سیاسی و دانشورانہ سرگرمی، ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں اقدامات اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
سعودی شہریوں سے متعلق ڈیٹا مرتب کرنے والے ادارے نے بین الاقوامی شماریاتی معیارات کو سامنے رکھتے ہوئے اعداد و شمار مرتب کیے ہیں۔
ایک اور رپورٹ میں اتھارٹی کا کہنا ہے 75.3 فیصد سعودی شہری ثقافتی سرگرمیوں کا سال 2025 میں متحرک حصہ رہے۔ ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہریوں کا ثقافتی سرگرمیوں میں رجحان بڑھ رہا ہے۔
یہ اعداد و شمار 'رقم سعودی انیشی ایٹیو' کے تحت جاری کیے گئے جو قومی سطح پر ملنے والی کامیابیوں اور اعزازات کو عوام کے سامنے لانے کا ذمہ دار ہے۔