لبنان کے شہر بیروت میں I love Beirut سائن کے قریب ایک عورت تصویر کھینچ رہی ہے۔ (فائل فوٹو: رائٹرز)
متحدہ عرب امارات نے لبنان کے سفر پر عاید پابندی اٹھالی
متحدہ عرب امارات نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والے براہ راست معاہدے کے بعد اپنے شہریوں پر عاید کردہ یہ پابندی ہٹا لی ہے کہ وہ لبنان کے لیے سفر نہیں کر سکتے۔ پابندی ہٹائے جانے کا اعلان سرکاری خبر رساں ادارے 'ڈبلیو اے ایم' نے پیر کے روز رپورٹ کیا ہے۔
اماراتی حکومت کے فیصلے مطابق جو شہری بھی لبنان جانا چاہتا ہو اسے لبنان روانگی سے پہلے اپنی رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ اس رجسٹریشن کی شرط کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی ، مگر بظاہر یہ لبنان میں کسی ہنگامی صورت حال کے اچانک پیدا ہونے کی باعث ضروری خیال کی گئی ہے۔
یاد رہے متحدہ عرب امارات نے 30 اپریل کو اپنے شہریوں کے ایران جانے پر عاید کی گئی پابندی کے ساتھ ساتھ عراق اور لبنان جانے پر بھی پابندی لگا دی تھی۔ نیز ان ملکوں میں پہلے سے موجود اپنے شہریوں کو زور دے کر کہا تھا کہ وہ فوری طور پر ان ملکوں سے نکل آئیں۔ وجہ خطے میں پیدا شدہ صورت حال بتائی گئی تھی۔