روزینہ لازقانی

’’ اللہ کی قسم ذمہ داری دیانتداری سے نبھاؤں گی‘‘ : شام میں رکن پارلیمان بننے والی اداکارہ

فنکاروں اور خواتین کی نمائندگی پر توجہ مرکوز کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں: روزینا لاذقانی، العربیہ کو انٹرویو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام میں رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد اداکارہ روزینا لاذقانی نے پہلی مرتبہ ’’ ایکس‘‘ پر بیان جاری کیا ہے۔ روزینا لاذقانی نے کہا ’’ میں اللہ العظیم کی قسم کھاتی ہوں کہ میں اپنی ذمہ داری دیانتداری اور اخلاص کے ساتھ نبھاؤں گی اور شام اور اس کے عوام کی بہتری کے لیے کام کروں گی"۔ روزینا لاذقانی نے مزید کہا کہ یہ ذمہ داری ایک قومی فریضہ ہے جس کے لیے آنے والے مرحلے میں کام اور اخلاص کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے شام اور اس کے عوام کی خدمت کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔

مرحلے کی ترجیحات

روزینا لاذقانی نے گزشتہ روز "الحدث" کے ساتھ ایک انٹرویو میں تصدیق کی تھی کہ یہ فیصلہ ان کے لیے حیران کن تھا ۔ وہ ایک طرف ایک فنکارہ کی حیثیت سے اور دوسری طرف شام کے عوام کے ایک فرد کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ وہ شہریوں کی آواز، یا کم از کم اپنی نسل کی آواز پہنچانے کے لیے کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس کی رکنیت کے دوران فنکاروں اور خواتین کی نمائندگی ان اہم ترین امور میں شامل ہوگی جن پر وہ توجہ مرکوز کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

دعا کی مستحق

شامی اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ان کا خاندان سابق حکومت کے مظالم کا شکار رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ سیاسی کام سے وابستہ نہیں ہیں لیکن وہ ہمیشہ عام طور پر شامی عوام اور خاص طور پر اپنے شہر حماہ کے لوگوں کے دکھ درد اور مصائب کو اپنے دل میں رکھتی آئی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اللہ انہیں ان کی نئی ذمہ داری میں کامیابی عطا فرمائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے فالوورز سے اپنے لیے دعا کی درخواست کی۔ انہوں نے یہ بھی تاکید کی کہ ان کے نقطہ نظر سے لاپتہ افراد، شہدا کے خاندانوں کی دیکھ بھال اور عبوری انصاف کے معاملات ان نمایاں ترین مسائل کی نمائندگی کرتے ہیں جو موجودہ مرحلے میں شامیوں کے ایک بڑے حصے کو درپیش ہیں۔

مجلس کی تشکیل

لاذقانی کا انتخاب 70 ارکان پر مشتمل اس فہرست میں کیا گیا جنہیں شامی صدر احمد الشرع نے نئی عوامی مجلس کی تشکیل کو مکمل کرنے کے لیے نامزد کیا ہے جو ملک میں جاری عبوری مرحلے کے فریم ورک کے تحت 210 اراکین پر مشتمل ہے۔ عوامی مجلس کے انتخابات کی سپریم کمیٹی کے مطابق 140 ارکان کا انتخاب مقامی انتخابی اداروں کے ذریعے کیا گیا۔ باقی ماندہ ایک تہائی اراکین کو شامی صدر کے فیصلے کے ذریعے نامزد کیا گیا اور مجلس کا پہلا اجلاس آنے والے دنوں میں منعقد ہونا طے پایا ہے۔

فنی موجودگی

نئی مجلس کی تشکیل میں روزینا لاذقانی کا انتخاب سب سے نمایاں تقرریوں میں سے ایک مانا جا رہا ہے کیونکہ وہ حالیہ برسوں کے دوران شامی ڈراما کا ایک جانا پہچانا چہرہ رہی ہیں۔ یوں وہ ان نمایاں ترین فنی شخصیات میں شامل ہو گئی ہیں جو 2024 کے آخر میں ملک میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کے بعد شام میں تشکیل پانے والی پہلی عوامی مجلس کا حصہ بنی ہیں۔

نئی عوامی مجلس کی تشکیل شام میں جاری ایک عبوری سیاسی مرحلے کے دوران سامنے آئی ہے۔ اس مرحلے کے دوران آنے والے وقت میں قانون سازی اور سیاسی امور کو چلانے میں مجلس کے کردار کا انتظار کیا جا رہا ہے اور یہ ملک میں 2024 کے آخر میں ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کے بعد تشکیل پانے والا پہلا پارلیمانی دور ہے۔

روزینہ لازقانی

روزینا کا فنی سفر

یاد رہے روزینا 1990 میں حماہ شہر میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے 2013 میں اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے سے پہلے دمشق کے ہائر انسٹی ٹیوٹ آف ڈراماٹک آرٹس سے سینوگرافی (منظر نگاری) کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے متعدد ڈراموں میں حصہ لیا جن میں سب سے نمایاں سیریل "الھیبہ" ہے۔ اس سیریل میں انہوں نے "منیٰ شیخ الجبل" کا کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے "مربى العز"، "ما فيي"، "أولاد بديعة"، "أهل الغرام" اور "ناطرين" جیسے ڈراموں میں بھی کام کیا ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں