21 ستمبر 2025 کو دمشق میں شامی پارلیمنٹ کو ڈرون کے ذریعے دکھایا گیا ہے۔ (رائٹرز)
شام : نئی پارلیمنٹ کا طلب کردہ پہلا اجلاس ملتوی
شامی حکام نے نئی منتخب عبوری پارلیمنٹ کا طلب کیا گیا پہلا اجلاس ملتوی کر دیا ہے۔ اجلاس آج پیر کے روز طلب کیا گیا تھا۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اجلاس ملتوی کرنے کی اطلاع سرکاری ٹی وی نے اتوار کے روز حکام کے حوالے سے دی ہے۔ تاہم اس سلسلے میں کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔
شام کے نئے حکام نے پرانی پارلیمنٹ کو دسمبر 2024 میں بر سر اقتدار آنے کے بعد اسے محض ایک ربر سٹیمپ قرار دے کر برطرف کردیا تھا۔ بعد ازاں ایک عبوری آئینی اعلامیے کے تحت پانچ سالہ عبوری بندوبست کا اعلان کیا گیا تھا۔
پچھلے سال اکتوبر میں الیکٹورل کمیشن کی مقرر کردہ ایک مقامی کمیٹی قائم کر کے 210 ارکان پارلیمنٹ کے دو تہائی ارکان کے انتخابی عمل کا آغاز کر دیا۔ جبکہ بقیہ ارکان نامزد کرنے کا اختیار صدر احمد الشراع نے اپنے پاس رکھا۔ صدر نے 70 ارکان کی نامزدگی اسی ہفتے مکمل کی ہے۔
تاہم اسرائیلی دلچسپی کا حامل دروز کمیونٹی کے اکثریتی علاقے سویدا سے ابھی کوئی نامزدگی نہیں کی گئی ہے۔ اس علاقے میں پچھلے سال سخت خونریزی ہوئی تھی۔ اسرائیل دروز قبائل کی سرپرستی کرنے کا آرزومند رہا ہے۔
شام کے الیکٹورل کمیشن نے کہا ہے کہ سویدا میں انتخابی و نامزدگی کا معاملہ تب مکمل کیاجائے گا جب زمین پر حالات موزوں ہو گے۔
البتہ کردش اثرات کے حامل علاقے میں اسی سال کے شروع سے پارلیمنٹ کے ارکان کا انتخابی عمل مکمل کر لیا گیا تھا۔ کردش اکثریتی علاقہ شام کے شمال اور شمال مشرق میں ہے۔