14 جولائی 2026 کو روم میں امریکی سفارت خانے میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان علاقائی کشیدگی کے پس منظر میں لبنانی اور اسرائیلی وفود کے درمیان بات چیت کے پہلے دن ایک موٹر کیڈ وفد پہنچا۔ (اے ایف پی)
روم : اسرائیل و لبنان میں ملاقات ، پائلٹ زون پراسس پر اتفاق
امریکی دفتر خارجہ کے حکام نے بدھ کے روز اطلاع دی ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان اٹلی کے دارالحکومت روم میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات مثبت تبادلہ خیال کے بعد اختتام پذیر ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق مذاکرات کے دوران پائلٹ زون پراسس کے ڈھانچے اور اس کے لیے گائیڈ لائنز پر اتفاق کیا گیا۔ تاہم ان امور کو مذاکرات کی اگلی نشست میں حتمی شکل دی جائے گی۔
لبنان اور اسرائیل اب اپنی ملاقات کو تکنیکی سطح کی طرف وسعت دے رہے ہیں۔ ان تکنیکی مذاکرات کا مقصد تمام شعبوں میں عملدرآمد کی راہ ہموار کرنا ہے۔ تاکہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان ایک جامع معاہدہ ممکن ہو سکے۔
پچھلے مذاکراتی دور وائٹ ہاؤس اور امریکی دفتر خارجہ میں ہوئے تھے۔ اسرائیل اور لبنان کے درمیان بات چیت کا یہ عمل امریکی میزبانی و نگرانی میں ہو رہا ہے۔
لبنانی فوج کا کہنا ہے نام نہاد پائلٹ زونز پر تمام فریقوں نے بات چیت کی ہے اور اپنا نکتہ نظر پیش کیا ہے کہ اس بات چیت کے مطابق اسرائیلی فوج جن لبنانی علاقوں سے انخلا کرتی رہے گی لبنانی فوج ان علاقوں کا کنٹرول سنبھالے گی۔
لبنان کے صدر جوزف عون 21 جولائی کو امریکہ کے دورے پر آ رہے ہیں جہاں وہ وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔