Israeli forces in a buffer zone after Israeli forces withdrew from border villages in southern Lebanon as seen from northern Israel, Tuesday, Feb. 18, 2025. (AP Photo/Ariel Schalit)
سعودی عرب اور قطر نے جنوبی لبنان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں لبنان کی تازہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر محمد الخلیفی کو سعودی وزیرِ خارجہ کے مشیر برائے لبنانی امور شہزادہ یزید بن فرحان کا ٹیلیفون موصول ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور قطر کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں اور انہیں مزید فروغ دینے کے طریقوں پر گفتگو کی۔
اس کے علاوہ لبنان کی تازہ صورتحال اور لبنانی حکومت کی ان کوششوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا جن کا مقصد بے گھر افراد (نازحین) کو درپیش مشکلات کا حل نکالنا اور ان کی باعزت واپسی کے لیے مناسب حالات فراہم کرنا ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں فریقوں نے لبنانی حکومت کی جانب سے ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے اور پورے ملک میں اپنی عملداری قائم کرنے کے اقدامات کا خیرمقدم کیا۔
دوسری جانب لبنانی فوج نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری حملوں اور خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ کارروائیاں لبنان اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے فریم ورک معاہدے کے تحت فوج کی تعیناتی مکمل ہونے میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔
لبنانی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی افواج جنوبی علاقوں میں گھروں کو منظم انداز میں تباہ کر رہی ہیں، بلڈوزروں کے ذریعے مسمار کر رہی ہیں، گولہ باری اور مشین گنوں سے فائرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں، جو موجودہ مفاہمت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ لبنانی فوج نے گزشتہ منگل کو جنوبی لبنان کے زوطر الغربیہ علاقے میں تعیناتی کا آغاز کیا تھا۔
یہ علاقہ ان آزمائشی علاقوں میں شامل ہے ،جہاں گزشتہ ماہ امریکی سرپرستی میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے فریم ورک معاہدے کے تحت فوجی تعیناتی کی جا رہی ہے۔