null
امریکا میں پاکستان میں مقیم تین طالبان معاونین کے اثاثے منجمد
امریکیوں پر طالبان مددگاروں سے کاروباری روابط پر پابندی
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے مولاوی آدم خان اچکزئی ،امیر علی چودھری اور قاری ایوب بشیر کے امریکا میں موجود تمام اثاثے منجمد کر لیے ہیں اور امریکی افراد پر ان کے ساتھ کسی قسم کا کاروبار کرنے پر پابندی عاید کردی ہے۔
بیان میں مولاوی آدم خان اور امیر علی چودھری پر الزام عاید کیا گیا ہے کہ وہ افغان طالبان اور (کالعدم) تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے لیے بموں کی تیاری میں ملوث رہے ہیں۔
بیان کے مطابق قاری ایوب بشیر تحریک اسلامی ازبکستان (آئی ایم یو) کے لیے افغانستان اور پاکستان میں مالی وسائل فراہم کرنے کا کام کرتے رہے ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے انڈرسیکرٹری برائے دہشت گردی اور مالیاتی سراغرسانی ڈیوڈ کوہن کا کہنا ہے کہ ''ہم افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی کے معاون نیٹ ورکس کو تباہ کرنے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ہم اچانک پھٹنے والے دھماکا خیز مواد اور بموں (آئی ای ڈی) کی تیاری میں ملوث افراد پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے''۔