ShaheenShaheen
طالبان کمانڈر عصمت اللہ شاہین تین ساتھیوں سمیت ہلاک
واقعہ شمالی وزیرستان میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں پیش آیا
پاکستان کے قبائلی علاقوں میں پیر کے روز بھی طالبان کا ایک اہم کمانڈر عصمت اللہ شاہین اپنے تین دیگر ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا ہے۔ طالبان کے اہم کمانڈر کی ہلاکت نامعلوم حملہ آوروں کے ہاتھوں ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان جہاں ان دنوں سکیورٹی فورسز نے طالبان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر رکھا ہے اور پچھلے کئی دنوں سے تقریبا ہر روز درجنوں شدت پسند مارے جا رہے ہیں۔ پیر کے روز طالبان کو اس وقت ایک بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جب ایک اہم کمانڈر کو نامعلوم مسلح افراد نے ہلاک کر دیا۔
یہ واقعہ شمالی وزیرستان میں پیش آیا ہے۔ عصمت اللہ شاہین اپنی گاڑی پر تحصیل غلام خان میں درگاہ منڈی کے علاقے گذر رہا تھا کہ گولیوں کا نشاہ بنا دیا گیا۔ اس واقعے میں مجموعی طور پر چار شدت پسند لقمہ اجل بنے۔ تاہم ابھی بقیہ تین کی شناخت ہونا باقی ہے۔
حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں افراتفری کا ماحول دیکھنے میں آیا۔ مقامی لوگوں نے میتیں ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔ کمانڈر عصمت اللہ شاہین حکیم اللہ محسود کے بعد تحریک طالبان کے قائم مقام سربراہ رہ چکا ہے۔
عصمت اللہ شاہین کو پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے انتہائی مطلوب افراد میں شامل کیا ہوا تھا، اس کمانڈر کے سر کی قیمت 2009 میں ایک لاکھ بیس ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی تھی۔
واضح رہے وزیرستان کو مبینہ طور پر طالبان اور القاعدہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ تاہم پچھلے کئی دنوں سے پاکستان کی افواج ان کے خلاف سخت کارروائیاں کر رہی ہیں۔
اسی بارے میں
-
''طالبان کے ٹھکانے اور گن شپ ہیلی کاپٹروں کے نشانے'' -
پاکستان:سکیورٹی فورسز کی بمباری، غیر ملکیوں سمیت 15 طالبان ہلاک -
پاکستانی طالبان نے جنگ بندی کے لیے شرائط پیش کردیں -
ایف سی کے اہلکاروں کی ہلاکت، حکومت طالبان مذاکرات خطرے میں؟ -
کراچی پولیس پر حملہ ساتھیوں کا بدلہ ہے: پاکستانی طالبان -
پاکستانی طالبان کا کیلاش، اسماعیلی آبادی پر حملوں کا اعلان