عدالتِ عالیہ نے مسیحی عورت کے خلاف ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

توہینِ رسالت کی مجرمہ کی سزائے موت برقرار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ کی عدالتِ عالیہ نے توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی مسیحی عورت کے خلاف ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ اس کے وکلاء نے اس فیصلے کے خلاف عدالتِ عظمیٰ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پانچ بچوں کی ماں آسیہ بی بی کو نومبر 2010ء میں ایک ماتحت عدالت نے پیغمبر اسلام نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کے الزام میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی۔اس نے 2009ء میں ایک مسلم خاتون کے ساتھ لڑائی جھگڑے کے دوران توہین آمیز کلمات ادا کیے تھے۔

مجرمہ نے اس سزا کے خلاف عدالتِ عالیہ لاہور میں اپیل دائر کی تھی۔عدالت کے دو رکنی بنچ نے سماعت کے بعد جمعرات کو آسیہ بی بی کی اپیل مسترد کردی ہے اور اس کو سنائی گئی پھانسی کی سزا برقرار رکھی ہے۔اس کے وکیل شاکر چودھری نے کہا ہے کہ وہ عدالتِ عالیہ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں نظرثانی کی اپیل دائر کریں گے۔

اس عورت کی سزائے موت کے خلاف اس وقت کے گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے آواز اٹھائی تھی اور اس سے جیل میں ملاقات بھی کی تھی۔سلمان تاثیر اور اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت کے وفاقی وزیر وزیراقلیتی امور شہباز بھٹی نے توہین رسالت پر سزائے موت کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295 سی میں ترمیم کا مطالبہ کیا تھا۔ان دونوں کو توہین رسالت کے قانون کی مخالفت کی بنا پر قتل کردیا گیا تھا۔

گورنر سلمان تاثیر کو ان کے ایک محافظ ممتاز قادری ہی نے اسلام آباد کی ایک مارکیٹ میں گولی مار کر قتل کردیا تھا۔وہ اس وقت راول پنڈی کی اڈیالا جیل میں قید ہے اور اس کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔اسی جیل میں گذشتہ ماہ ایک پولیس اہلکار نے توہین رسالت کے جرم میں قید ایک ستر سالہ اسکاٹش شخص کو گولی مار کر زخمی کردیا تھا۔اس شخص کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ذہنی مریض ہے۔اس کو بھی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی اور جیل میں پھانسی پانےکا منتظر تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں توہین رسالت کے جرم کی سزا موت ہے۔تاہم 2008ء کے بعد ابھی تک کسی مجرم کی سزائے موت پر عمل درآمد کرتے ہوئے تختہ دار پر نہیں لٹکایا گیا ہے اور نومبر2012ء میں صرف ایک فوجی کو کورٹ مارشل کے بعد پھانسی دی گئی تھی۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں