وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب سعودی وزیر خارجہ کا استقبال کر رہے ہیں

او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان پاکستان میں ہونے والے آو آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں شرکت کے لیے سنیچر کی شام اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی نے سعودی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 48 واں اجلاس 22 اور 23 مارچ کو پاکستان میں ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ دو روزہ اجلاس ’’اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت داری‘‘ کے موضوع پر ہو رہا ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں اور مبصر ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود اجلاس میں شرکت کریں گے اور 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ میں بھی اعزازی مہمان ہوں گے۔

عرب لیگ اور خلیج تعاون کونسل سمیت او آئی سی کے غیر رکن ممالک کے حکام اور اقوام متحدہ اور علاقائی و عالمی اداروں کے اعلیٰ نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان منگل کو اجلاس کی افتتاحی نشست سے خطاب کریں گے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں