Your browser doesn’t support HTML5 video
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے فلسطینی محمود عباس کی ملاقات
دونوں رہنمائوں کے درمیان دلچسپ مکالمہ اور جذباتی گفتگو اسلامی اخوت اور بھائی چارے کی مثال بن گئی
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے فلسطین کے صدر محمود عباس نے جمعرات کو آستانہ [قازقستان] میں ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا اور ان کی جذباتی گفتگو اسلامی اخوت اور بھائی چارے کی مثال بن گئی۔ محمود عباس نے فرط جذبات میں وزیر اعظم شہباز شریف کے دونوں ہاتھ اپنے ہاتھوں میں تھام لئے ۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق فلسطین کے صدر اور وزیراعظم شہبازشریف ایک دوسرے سے گرمجوشی سے بغل گیر ہوئے اور ان کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فلسطین کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے دوران آپ کی مدد پر بے حد شکر گزار ہوں۔
محمود عباس نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے، پاکستانی ہمارے بھائی اور بہنیں ہیں، پاکستانی ہمارے گھر کے لوگ ہیں، ہم نے اُن کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایسا نہ کہیں، فلسطین نے سیلاب زدگان کی جس طرح مدد کی، بھول نہیں سکتے، پاکستان کبھی فلسطینیوں کو بھول نہیں سکتا، آپ کی کامیابی تک پاکستان آپ کے حق کے لئے آواز بلند کرتا رہے گا۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ ہم پاکستان کو کبھی بھی نہیں بھول سکتے، ایک سو سال سے ہم پاکستانیوں کو کبھی نہیں بھولے، مفتی فلسطین اپنی وفات تک پاکستان میں رہے، ان کی دیکھ بھال پاکستان نے کی، قیام پاکستان سے پہلے سے ہم پاکستانیوں کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین ہمارے ایمان ویقین کا حصہ ہے، فلسطین ہمارے دل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی کانفرنس میں پاکستان کی حمایت کرنے والے رہنمائوں میں آپ شامل ہیں، آپ کی حمایت اور جذبے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔