885224-IIUI-1431472753
سعودی عرب کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے لیے 40 لاکھ ڈالرکی خطیرامداد
سعودی عرب نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کو40 لاکھ ڈالرکی رقم عطیہ کے طورپردی ہے۔
اسلام آباد میں متعیّن سعودی سفیرنواف بن سعیدالمالکی نے ایک ٹویٹ میں اسلامی یونیورسٹی کی اس مالی اعانت کی اطلاع دی ہے اوراس پراپنی اورسعودی سفارت خانہ میں تعینات اپنے رفقاء کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزاوران کےولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ اداکیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’’میں شاہ سلمان اورسعودی ولی عہد کا تہ دل سےشکرگزارہوں،جنھوں نےبین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کےلیےچارملین ڈالر کی معاونت کی ہے اورجامعہ ،اس کی انتظامیہ کی ترقی وخوش حالی کےلیے نیک خواہشات کااظہارکیاہے‘‘۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے اس خطیرفراخدلانہ امداد سے مالی مشکلات سے دوچاربین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو اپنے مسائل پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔اس کے علاوہ وہ اپنے ان ترقیاتی منصوبوں کوعملی جامہ پہنا سکے گی جو مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے التوا کا شکار ہیں۔