سابق وزیر فواد چوہدری پولیس کے حصار میں عدالتی پیشی کے بعد واپس جا رہے ہیں: اے ایف پی

الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کا کیس؛ فواد چوہدری کی ضمانت منظور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔

بدھ کو عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے فواد چوہدری کو 20 ہزار روپے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

فواد چوہدری کی ضمانت ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے الیکشن کمیشن کو دھمکی دینے کے کیس میں منظور کی۔

اپنے فیصلے میں معزز جج نے کہا کہ فواد چوہدری کی ضمانت اس شرط کے ساتھ منظور کی جا رہی ہے کہ وہ آئندہ ایسا بیان نہیں دیں گے۔

30 جنوری کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پولیس کی فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں اڈیالا جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

فواد چوہدری کو پیر کے روز اسلام آباد کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص راجہ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ فواد چوہدری کو چیف الیکشن کمشنر سمیت کمیشن کے دیگر اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں دینے کے الزام میں 25 جنوری کی علی الصبح لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

بعد ازاں، پولیس انہیں ماتحت عدالت سے راہداری ریمانڈ لے کر اسلام آباد لے آئی تھی۔

فواد چوہدری کے خلاف سیکریٹری الیکشن کمیشن کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں الیکشن کمیشن حکام کو دھمکانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں