جنوبی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک
مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے: آئی ایس پی آر
خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں دہشت گردوں کی موجودگی کے متعلق خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جہاں جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔پاک فوج نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے سے دیگر دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔