پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی عراقی وزیر اعظم شیاع السوڈانی سے ملاقات۔
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عراق کے سرکاری دورہ کے موقع پر عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السوڈانی سے پیر کو بغداد میں ملاقات کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ ملاقات میں مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ وزیر خارجہ بلاول کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تجارت، عراقی انفراسٹرکچر کی تعمیر، زائرین کے معاملات اور شہریوں کے تجارتی معاملات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ بلاول نے عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف رشید سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان احترام اور روایات پر مبنی گہرے برادرانہ قریبی تعلقات ہیں۔