سویڈن ممیں عراقی سفارتخانے کے باہر قرآن کی بے حرمتی کے واقعہ کا منظر۔ [رائٹرز]
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں: پاکستان
پاکستان نے سویڈن میں قرآن پاک کی سرعام بے حرمتی کے اسلامو فوبیا پر مبنی ایک اور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ آزادی اظہار، رائے اور احتجاج کی آڑ میں مذہبی منافرت کی سوچی سمجھی اور اشتعال انگیز کارروائیوں کی اجازت کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے اسلامو فوبک واقعات کا پریشان کن اعادہ، جس نے دنیا بھر میں 2 ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، قانونی اور اخلاقی طور پر قابل مذمت ہے۔
وزیر اعظم کی مذمت
وزیر اعظم شہباز شریف کا سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اس شیطانیت کے تدارک کی مشترکہ حکمت عملی بنانے کا مطالبہ کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ "واقعات کا تسلسل اور ترتیب ثبوت ہے کہ یہ اظہار کا نہیں بلکہ سیاسی اور شیطانی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ پورے عالم اسلام اور مسیحی دنیا کو مل کر اس سازش کو روکنا ہوگا۔"