پاکستانی فٹبالر صدام حسین (بائیں) کی 17 ستمبر 2023 کو صلالہ کلب کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد کلب کے ایک عہدیدار کے ساتھ تصویر۔ (تصویر بشکریہ: ایکس/صدام حسین)
پاکستانی فٹبالر صدام حسین کا عمان کے صلالہ کلب سے معاہدہ
پاکستان فٹبال کے مڈ فیلڈر صدام حسین نے اتوار کو عمان میں قائم صلالہ اسپورٹس کلب کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کردی۔
حسین اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں اور 25 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ تاہم فی الحال وہ قومی اسکواڈ سے باہر ہیں۔
وہ ماضی میں کرغزستان اور بحرین میں ہونے والے ٹورنامنٹس میں پیشہ ورانہ فٹ بال کھیل چکے ہیں اور آخری بار اپنے ملک میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے فٹ بال کلب سے وابستہ تھے۔
فٹبالر نے ایکس پلیٹ فارم پر جو پہلے ٹویٹر کے نام سے معروف تھا، "نئے سائننگ الرٹ" کا اشتراک کیا۔
حسین نے لکھا۔ "الحمدللہ۔ یہ آئندہ سیزن 2023-2024 کے لیے ایک نیا باب شروع کرنے کا وقت ہے۔ میں نے اپنی نئی ٹیم صلالہ اسپورٹس کلب ڈویژن 1 لیگ آف عمان کے ساتھ باضابطہ طور پر اپنے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔"
"میں اپنے نئے خاندان کے ساتھ سیزن شروع کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔ ہم صلالہ ٹائیگرز ہیں۔"
انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھیوں، انتظامیہ، کوچز اور کلب کے صدور کا ان کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔
اگرچہ حسین نے عمانی کلب کے ساتھ اپنے معاہدے کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں تاہم انہوں نے مداحوں سے دعاؤں اور تعاون کی درخواست کی۔